آزاد کشمیر حکومت نے احتجاجی مقدمات سے متعلق دی گئی سابقہ رعایتیں واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 177 ایف آئی آرز دوبارہ بحال کردی گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ 4 اکتوبر 2025 کے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے بعد کیا گیا ہے۔ معاہدے میں طے پایا تھا کہ تمام معاملات عملدرآمد کمیٹی کے ذریعے باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق سڑکوں پر آ کر احتجاج، دباؤ ڈالنا اور صورتحال کو انتشار کی طرف لے جانا معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد پہلے مرحلے میں ختم کیے گئے مقدمات کو بھی معاہدے کے مطابق دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قانون کی عملداری اور معاہدوں کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے آئندہ بھی اسی نوعیت کے اقدامات جاری رہیں گے۔