ڈائریکٹریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام وادی چترال کے بلند و بالا اور خوبصورت علاقے ہرچن، لاسپور میں منعقدہ ہندوکش ونٹر اسپورٹس فیسٹیول 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
فیسٹیول کے آئس ہاکی مقابلوں میں ترچمیر اسٹرائیکرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کی ٹرافیاں اپنے نام کرلیں۔
مردوں کا فائنل سرایا شندور اور ترچمیر اسٹرائیکرز کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ترچمیر اسٹرائیکرز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح خواتین کے فائنل میں بھی ترچمیر اسٹرائیکرز کی ٹیم نے سرایا شندور اے کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی سیکریٹری اسپورٹس خیبر پختونخوا محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر مس شہناز، خالد خان، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری اسپورٹس محمد آصف اور ڈی جی اسپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں سرمائی اور برفانی کھیلوں کے انعقاد کے لیے نہ صرف موزوں موسم بلکہ قدرتی علاقے اور باصلاحیت کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی، روایتی اور برفانی کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور یہ فیسٹیول اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے تمام اضلاع کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو برابری کی بنیاد پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کھیلوں کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارا جا سکے۔
واضح رہے کہ ہندوکش ونٹر اسپورٹس فیسٹیول 2026 کے آئس ہاکی مقابلوں میں مجموعی طور پر 14 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں 8 مردوں اور 6 خواتین کی ٹیمیں شامل تھی۔