کراچی میں گھر کے اندر گھس کر پریمی جوڑے کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔
تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کی حدود لاسی گوٹھ میں لرزہ خیز واردات پیش آئی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز جائے وقوع پر پہنچ گئی، جہاں مکان کے اندر سے خون میں لت پت خاتون کی لاش برآمد ہوئی جبکہ مرد شدید زخمی حالت میں تھا جس کی سانسیں چل رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مرد کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ بھی راستے میں ہی دم توڑ گیا۔
مقتولین کی شناخت بعدازاں لطیفاں مگسی اور نصراللہ کے ناموں سے ہوئی، پولیس کے مطابق مقتولین نے 5 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ واقعہ غیرت کےنام پر قتل کا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ موقع پر موجود عینی شاہدین کے بیانات لیے جارہے ہیں جبکہ کرائم سین یونٹ شواہد جمع کررہی ہے۔