امریکی ویزے کے لیے 15 ہزار ڈالر تک کے ویزا بانڈ کی شرط والے ممالک کی تعداد میں اضافہ، بنگلہ دیش اور نیپال بھی فہرست میں شامل

امریکہ نے بنگلہ دیش اور نیپال سمیت مزید 25 ممالک کو اس فہرست میں شامل کر دیا ہے جن کے شہریوں کو امریکہ کے کاروباری یا سیاحتی ویزے کی درخواست دیتے ہوئے 15 ہزار ڈالرز تک کی ضمانتی رقم جمع کروانا ہو گی۔
ایک مہر جس پر امریکہ کا جھنڈا بنا ہے اور انگریزی میں ویزا لکھا ہے
Getty Images
امریکی حکومت کے مطابق بانڈ کا مقصد یہ ہے کہ ویزا حاصل کرنے والوں کو مدت سے زیادہ قیام کرنے سے روکا جا سکے

امریکی حکام نے اس فہرست میں مزید 25 ممالک کو شامل کر دیا ہے جن کے شہریوں کے لیے امریکہ کے کاروباری یا سیاحتی ویزے کی درخواست دیتے ہوئے 15 ہزار ڈالرز تک کی ضمانتی رقم (بانڈ) جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ اعلان منگل کو امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر کیا گیا ہے۔ اس فہرست میں شامل زیادہ تر ممالک براعظم افریقہ اور لاطینی امریکہ کے ہیں جبکہ جنوبی ایشیا سے بھوٹان، بنگلہ دیش اور نیپال بھی اس کا حصہ ہیں۔

اس منصوبے کا آغاز اگست 2025 میں کیا گیا تھا اور ابتدائی طور پر ایسے ممالک کی فہرست میں صرف موریطانیہ، ساؤ ٹومے اینڈ پرنسپ، تنزانیہ، گیمبیا، ملاوی اور زیمبیا کو رکھا گیا تھا۔

یکم جنوری 2026 سے اس میں مزید ممالک کا اضافہ کیا گیا اور یہ شرط بھوٹان، بوٹسوانا، وسطی افریقی جمہوریہ، گنی، گنی بساؤ، نمیبیا اور ترکمانستان پر بھی لاگو کر دی گئی۔

اب امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا ہے کہ مزید 25 ممالک اس فہرست میں شامل کیے جا رہے ہیں جو کہ الجزائر، انگولا، اینٹیگا اور بارباڈوا، بنگلہ دیش، بنین، برونڈی، کیپ وردے، کیوبا، جبوتی، ڈومینیکا، فجی، گبون، آئیوری کوسٹ، کرغزستان، نیپال، نائجیریا، سینیگال، تاجکستان، ٹوگو، ٹونگا، ٹوالو، یوگنڈا، وانواتو، وینزویلا اور زمبابوے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق جو نئے ملک اس فہرست میں شامل کیے گئے ان کے شہریوں پر بانڈ جمع کرانے کی شرط 21 جنوری سے لاگو ہو گی۔

کس کو کتنے ڈالرز دینے ہیں؟

بانڈ جمع کرانے والے صرف تین ائیرپورٹس سے امریکہ داخل ہو سکیں گے
Getty Images
پانچ ہزار ڈالرز جمع کرانے ہیں، 10 ہزار ڈالرز یا 15 ہزار ڈالرز، یہ ویزا انٹرویو کے وقت طے کیا جائے گا

امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق ’ان (38) ممالک کے جاری کردہ پاسپورٹ پر سفر کرنے والا کوئی بھی شہری، جو بی ون (کاروباری) یا بی ٹو (سیاحتی) ویزا کے لیے اہل بھی ہو، اسے پانچ ہزار ڈالرز، 10 ہزار ڈالرز یا 15 ہزار ڈالرز کے بانڈ جمع کرانے ہوں گے۔ اور یہ رقم ویزا انٹرویو کے وقت طے کی جائے گی۔‘

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ درخواست گزاروں کو ان شرائط سے اتفاق کرنا ہو گا جو آن لائن ادائیگی کے لیے امریکی محکمہ خزانہ کے پلیٹ فارم Pay.gov پر درج ہوں گی۔

’بانڈ جمع کرانے کے لیے کسی تیسری پارٹی کی ویب سائٹ استعمال نہیں کی جا سکتی۔ امریکی حکومت کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے جمع کرائی گئی رقم کی ذمہ دار نہیں ہو گی۔ قونصل افسر کی ہدایت کے بغیر کسی شخص نے بانڈ کی رقم جمع کرائی تو وہ اسے واپس نہیں کی جائے گی۔‘

’اور جب قونصل افسر بانڈ کی رقم جمع کرانے کا کہے گا تو ادائیگی کے لیے درخواست گزار کو براہ راست ایک لنک بھیجا جائے گا۔ اس لنک پر کلک کر کے رقم جمع کرائی جا سکے گی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بانڈ کی رقم جمع کرانے کا یہ مطلب نہیں کہ ویزا ملنا یقنی ہے۔‘

مجسمہ آزادی، نیو یارک
Getty Images
امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ بانڈ کی رقم جمع کرانے کا یہ مطلب نہیں کہ ویزا ملنا یقینی ہے

بانڈ کا مقصد کیا ہے؟

امریکی حکومت کے مطابق بانڈ کا مقصد یہ ہے کہ جن افراد کو سیاحت یا کاروبار کے لیے ویزے جاری کیے گئے ہیں، انھیں مدت سے زیادہ قیام کرنے سے روکا جا سکے۔

گذشتہ سال جنوری میں صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت گیر امیگریشن پالیسی اختیار کی تھی۔

اس میں تارکین وطن کو جارحانہ انداز میں ملک بدر کرنا، ویزوں اور گرین کارڈز کی منسوخی اور سوشل میڈیا پوسٹس اور پرانی تقاریر کی جانچ پڑتال شامل تھی۔

امریکہ آنے اور جانے کے لیے صرف تین ائیرپورٹس استعمال کرنے کی اجازت

امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق بانڈ جمع کرانے والوں پر یہ شرط بھی عائد ہو گی کہ وہ امریکہ آنے اور جانے کے لیے مخصوص ہوائی اڈوں کا استعمال کریں۔ ایسا نہ کیا گیا تو یا امریکہ آنے ہی نہیں دیا جائے گا یا روانگی درست انداز میں درج نہیں ہو گی۔

وہ مخصوص ہوائی اڈے یہ ہیں:

  1. بوسٹن لوگن انٹرنیشنل ائیرپورٹ
  2. جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ائیرپورٹ
  3. واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ائیرپورٹ

کن صورتوں میں بانڈ منسوخ کر دیا جائے گا؟

امریکی محکمہ خارجہ کی ویب سائٹ پر درج شرائط کے مطابق ان صورتوں میں بانڈ خود بخود منسوخ کر دیا جائے گا اور رقم واپس کر دی جائے گی۔

  • ویزا رکھنے والا اپنے قیام کی مدت کے اندر ملک چھوڑ دے اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے ریکارڈ میں اس کا اندراج ہو جائے۔
  • ویزا رکھنے والا اپنے ویزا کی معیاد ختم ہونے سے پہلے امریکہ کا سفر نہ کرے۔
  • ویزا رکھنے والے کو داخلے کی اجازت دیے بغیر امریکی ائیرپورٹ سے ہی واپس بھجوا دیا جائے۔

ویزا بانڈ کی خلاف ورزی ہوئی تو کیا ہو گا؟

اگر ویزا رکھنے والا بانڈ کی شرائط کی خلاف ورزی کرے گا تو امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی اس کا کیس امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز (USCIS) کو بھیجے گا تاکہ تعین کیا جا سکے کہ خلاف ورزی واقعی ہوئی ہے یا نہیں۔

اس میں یہ شرائط شامل ہیں، لیکن معاملہ صرف ان شرائط تک محدود نہیں:

اگر ہوم لینڈ سکیورٹی کے ریکارڈ سے معلوم ہو کہ ویزا رکھنے والے نے اپنی مدت سے زیادہ قیام کیا۔

ویزا رکھنے والا مدت ختم ہونے کے بعد بھی امریکہ میں رکا رہا۔

ویزا رکھنے والے نے نان امیگرنٹ اسٹیٹس سے باہر نکلنے کی درخواست دی، جیسے کہ پناہ کا مطالبہ کرنا۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US