وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
ملاقات منامہ کے القضاہبیہ پیلس میں ہوئی جہاں وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے بحرین کی جانب سے گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور بحرین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی، تعمیرات، صحت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت کو 550 ملین ڈالر سے بڑھا کر تین سال میں ایک ارب ڈالر تک لے جانے کی تجویز دی۔ انہوں نے بحرینی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کی معاونت پر بحرینی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور مزید ہنرمند افرادی قوت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ دونوں ممالک نے دفاعی تربیت، سائبر سیکیورٹی اور دفاعی پیداوار میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیا گیا۔