بھارت کو ایک اور دھچکا: آرمینیا نےجنگی طیارے کی ڈیل منسوخ کیوں کی؟ وجہ سامنے آگئی

image

دبئی ائیر شو کے دوران بھارتی جنگی طیارے تیجس کے حادثے کے بعد آرمینیا نے بھارت سے طیاروں کی خریداری کے مذاکرات معطل کر دیے ہیں۔ یہ ڈیل 1.2 ارب ڈالر مالیت کی تھی اور اس کے تحت 12 طیارے خریدے جانے تھے۔ اگر یہ معاہدہ طے پاتا تو یہ تیجس طیارے کی پہلی بڑی بین الاقوامی برآمدی ڈیل ہوتی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمینیا کی جانب سے خریداری معطل کرنے کا فیصلہ طیارے کی قابلِ بھروسہ کارکردگی اور آپریشنل استحکام پر سوالات کے بعد کیا گیا۔ دبئی ایئر شو میں 21 نومبر کو بھارتی وِنگ کمانڈر نمانش سیال کی قیادت میں ائیر شو کے دوران طیارہ گر کر تباہ ہوا اور پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے نہ صرف بھارت کے دفاعی برآمدات کے منصوبے متاثر ہوں گے بلکہ تیجس پروگرام کے بین الاقوامی تشخص، تکنیکی قابلیت اور مستقبل کی فروخت پر بھی براہِ راست اثر پڑے گا۔ بھارت مارکیٹ میں جنوبی کوریا کے FA-50، فرانس کے رافیل اور پاک چین کے JF-17 طیاروں کے سخت مقابلے کا سامنا کر رہا ہے، اور اس حادثے نے تیجس کے لیے بین الاقوامی اعتماد کو کمزور کر دیا ہے۔

آرمینیا اب متبادل آپشنز پر غور کر رہا ہے، جن میں FA-50 اور فرانسیسی رافیل شامل ہیں۔ بھارت اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کر رہا ہے اور عالمی سطح پر تیجس پروگرام کی ساکھ پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔

یہ معاملہ بھارتی دفاعی برآمدات کے لیے بڑا دھچکا سمجھا جا رہا ہےکیونکہ اگر یہ ڈیل مکمل ہوتی تو یہ بھارت کی دفاعی برآمدات کا سب سے بڑا معاہدہ ہوتا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US