عمران خان اکیلا مجرم نہیں، لانے والے بھی شریک ہیں، نواز شریف

image

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اکیلا مجرم نہیں، اس کو لانے والے بھی برابر کے شریک ہیں، ہم نے عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا اور پاکستان کو اخلاقی، معاشرتی دیوالیہ پن سے بچایا۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں نواز شریف نے نو منتخب اراکین اسمبلی کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے جھوٹ، گالم گلوچ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کو عبرتناک شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والے خود الیکشن میں حصہ لے کر ہار گئے، عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں ووٹ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور حکومت میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، ملک میں صرف تباہی آئی، بدتہذیبی کا کلچر عام کیا گیا، خارجہ امور کا دیوالیہ نکالا گیا، میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا تھا۔

نواز شریف نے کہاکہ ماضی میں ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج دنیا میں ہمارا ایک مقام ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت دن رات محنت کر رہی ہے، حکومتی اقدامات سے مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان اکیلا مجرم نہیں، اس کو لانے والےبھی برابر کے شریک ہیں، دوسروں کو چور اور ڈاکو کہنے والے خود چور ثابت ہوئے۔ فتنہ فساد، جلاؤ گھیراؤ کے ماحول میں کون سی قوم ترقی کرتی ہے؟

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہاکہ پنجاب میں غریبوں کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار گھر بنائے جا رہے ہیں، غریب افراد کا مفت علاج معالجہ کیا جا رہا ہے، اسپتال بن رہے ہیں، ہر ضلع میں گرین بسیں چل رہی ہیں، پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US