پاکستان او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو کونسل کا دوبارہ رکن منتخب

image

پاکستان کو کیمیکل ہتھیاروں کی ممانعت کی تنظیم OPCW کی ایگزیکٹو کونسل کا دوبارہ رکن منتخب کرلیا گیا ہے۔

یہ انتخاب 24 سے 28 نومبر 2025 تک دی ہیگ میں منعقد ہونے والے 30 ویں سیشن آف کانفرنس آف اسٹیٹس پارٹیز (CSP-30) کے دوران ہوا۔ پاکستان اب 2026 سے 2028 تک ایگزیکٹو کونسل کا حصہ رہے گا۔

کیمیکل ویپنز کنونشن (CWC)، جس کے 193 رکن ممالک ہیں، دنیا کا سب سے کامیاب تخفیف اسلحہ معاہدہ سمجھا جاتا ہے جس نے مکمل طور پر کیمیائی ہتھیاروں کی ایک پوری کلاس کا خاتمہ کیا۔ او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو کونسل اس کنونشن پر عملدرآمد، نگرانی اور پالیسی سازی کی مرکزی ذمہ دار ادارہ ہے اور رکن ممالک میں کیمسٹری کے پُرامن استعمال کے فروغ کے لیے بھی کام کرتی ہے۔

پاکستان 1997 میں CWC کی توثیق کے بعد سے او پی سی ڈبلیو کا فعال رکن ہے اور ایگزیکٹو کونسل میں مؤثر کردار ادا کرتا آرہا ہے۔ پاکستان باقاعدگی سے اوپی سی ڈبلیو کے معمول کے معائنے بھی اپنے متعلقہ اداروں میں خوش اسلوبی سے کراتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان کا دوبارہ انتخاب تنظیم کے اندر پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کا اعتراف ہے۔ یہ اعتماد ظاہر کرتا ہے کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کی قیادت اور او پی سی ڈبلیو کے کام کو مزید مؤثر بنانے کی صلاحیت پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US