Add Poetry

رہا کر مجھے یا سزا دے اے عادل

Poet: توقیر اعجاز دیپک By: توقیر اعجاز دیپک, Jhang

رہا کر مجھے یا سزا دے اے عادل
کوئی فیصلہ تو سنا دے اے عادل

اسیری میں جینا ہے توہین میری
مجھے دار پر تو چڑھا دے اے عادل

کہاں عدل مجھ کو زمیں پر ملے گا
کوئی راستہ ہی دکھا دے اے عادل

مجھے اگلی تاریخ میں اب خدارا
قیامت کا دن ہی بتا دے اے عادل

وہ مجرم ہے اس کی جگہ ہے کٹہرا
اسے تخت سے تو اٹھا دے اے عادل

رِعایا پہ قانون جو چل رہا ہے
وہی حاکموں پہ چلا دے اے عادل

فقط جو کتابوں میں دم لے رہا ہے
وہ قانون سارا جلا دے اے عادل

کہیں میں نہ اپنی عدالت لگا لوں
مرے مجرموں کو سزا دے اے عادل

وکیلوں کا بکنا عیاں ہو چکا ہے
تو اپنی حقیقت دکھا دے اے عادل

کبھی بھاگ پائیں نہ جس سے یہ غاصب
کوئی جیل ایسی بنا دے اے عادل

Rate it:
Views: 26
16 May, 2024
More Political Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets