کچھ بات نہیں جسم اگر میرا جلا ہے
Poet: فخر زمان By: ساجد ہمید, Rawalpindiکچھ بات نہیں جسم اگر میرا جلا ہے
صد شکر کہ اس بزم سے شعلہ تو اٹھا ہے
مانا کہ مرے لان کی پھر سبز ہوئی گھاس
اس مینہ میں پڑوسی کا مکاں بھی تو گرا ہے
سردی ہے کہ اس جسم سے پھر بھی نہیں جاتی
سورج ہے کہ مدت سے مرے سر پر کھڑا ہے
ہر سمت خموشی ہے مگر کہتے ہیں کچھ لوگ
اس شہر میں اک شور قیامت کا بپا ہے
دیوار سے گو اینٹ کھسک کر پڑی سر پر
صد شکر کہ روزن کوئی زنداں میں کھلا ہے
اب دیکھیے کس راہ میں دیوار بنے گا
ڈھلوان پہ اک سنگ گراں چل تو پڑا ہے
اس سال مرے کھیت میں اولے بھی پڑے ہیں
اس سال مری فصل کو کیڑا بھی لگا ہے
آنکھیں مری روشن رہیں خوش حال رہوں میں
اک اندھی بھکارن کی مرے حق میں دعا ہے
میں بھوک سے بے حال ہوں تو سیر شکم ہے
کیا میرا خدا وہ نہیں جو تیرا خدا ہے
More Sad Poetry






