وزیرِ داخلہ کا سعودی عرب کا اہم دورہ، دو طرفہ سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

image

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سعودی وزیرِ داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ریاض میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ سیکیورٹی تعاون، رابطہ کاری اور مشترکہ ورکنگ میکانزم کو وسعت دینے پر مفصل گفتگو ہوئی۔

ملاقات میں برمی مسلمانوں کے لیگل اسٹیٹس کے دیرینہ مسئلے پر خصوصی بات چیت کی گئی۔ سعودی وزیرِ داخلہ نے اس معاملے کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں پر محسن نقوی سے اظہارِ تشکر کیا۔

سعودی وزیرِ داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹر حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دونوں وزرائے داخلہ نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے لیے ٹریننگ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا،جبکہ یہ بھی طے پایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ کا ورکنگ گروپ اگلے ماہ اجلاس منعقد کرے گا جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے اقدامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے، ہمیں سعودی عرب کے ساتھ پائیدار اور قابلِ فخر تعلقات حاصل ہیں۔

ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا، پاکستانی سفیر احمد فاروق، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس سمیت سعودی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US