پاکستان اور ملائیشیا کا میری ٹائم تعاون بڑھانے کا فیصلہ، براہِ راست فیڈر لنکس کی تجویز پیش

image

پاکستان اور ملائیشیا نے سمندری شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے میرین تربیت، باہمی رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کے نئے فریم ورک پر پیش رفت کا عندیہ دیا ہے۔

لندن میں پاکستان کے وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری اور ملائیشیا کے نائب وزیرِ ٹرانسپورٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں میری ٹائم تعاون بڑھانے اور میرین ٹریننگ کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران جنید انوار چوہدری نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان براہِ راست فیڈر لائنز شروع کرنے کی تجویز پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فیڈر لنکس کے قیام سے مال برداری کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی جبکہ پاکستانی چاول کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔

دونوں ممالک نے سمندری کیڈٹس کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی غور کیا جس کا مقصد میرین تربیت اور ٹیکنیکل مہارت میں اضافہ کرنا ہے۔

وزیرِ بحری امور نے مزید کہا کہ ملائیشیا کراچی کی بندرگاہوں میں نافذ جدید ڈیجیٹل ٹریڈ سسٹمز سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، جو خطے میں تجارت کے عمل کو تیز، شفاف اور مؤثر بناتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US