فیصل آباد میں ایئرپورٹ کے قریب الیکٹرک بس میں سفر کے دوران خاتون نے بچی کو جنم دے دیا۔
واقعہ پینسرہ کے رہائشی ظفر اور ان کی 35 سالہ اہلیہ آصفہ کے ساتھ پیش آیا، جو اسپتال جا رہے تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دورانِ سفر آصفہ کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس پر مسافروں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیم نے پہنچ کر خاتون کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور احتیاط کے ساتھ ماں اور نومولود بچی کو سول اسپتال فیصل آباد منتقل کردیا۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ماں اور بچی دونوں کی حالت مکمل طور پر مستحکم ہے اور ڈاکٹرز کی نگرانی میں ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں کی بروقت کارروائی پر شہریوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا۔