پنجاب پبلک سروس کمیشن میں حیران کن صورتحال، امیدوار 0.1 نمبر سے فیل

image

پنجاب پبلک سروس کمیشن (PPSC) کے امتحانی نظام پر ایک انوکھی اور متنازع صورتحال نے سوالات کھڑے کردیے ہیں، جہاں خاتون امیدوار کو انٹرویو میں 99.9 نمبر ملنے کے باوجود فیل قرار دے دیا گیا۔ کامیابی کے لیے 100 نمبر درکار تھے، مگر انہیں محض 0.1 نمبر کے فرق سے ناکام کردیا گیا۔

معاملے نے اس وقت مزید حیرت پیدا کی جب یہ سامنے آیا کہ انٹرویو میں نمبر اعشاریہ کے ساتھ دیے گئے، یعنی 99 یا 100 کی بجائے 99.9 نمبر، جو عام امتحانی سسٹم میں نہایت غیر معمولی ہے۔

سوال یہ ہے کہ آخر 99 کے ساتھ 0.9 کا اضافہ کیسے ہوا؟ نمبر اعشاریہ میں دینے کا پیمانہ کیا ہے؟ اور سب سے اہم، جب 99.9 ہے تو اصولاً راؤنڈ کرکے 100 بنتے ہیں، تو پھر امیدوار کو فیل کیوں کیا گیا؟ مزید یہ کہ اگر نازش نصر نامی امیدوار کو پاس قرار دیا جاتا تو ان کا موجودہ میرٹ نمبر 16 بنتا اور وہ باآسانی ایلوکیٹ ہوجاتیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے نے شدید بحث چھیڑ دی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ یا تو سسٹم کی تکنیکی غلطی ہے یا پھر کسی مخصوص امیدوار کو فائدہ پہنچانے کے لیے ”ٹیکنیکل بنیادوں پر حق مارنے“ کی کوشش۔

پبلک سروس کمیشن کی جانب سے تاحال اس عجیب و غریب اعشاریہ نمبرنگ، راؤنڈنگ سسٹم، اور فیل کرنے کے معیار پر کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے۔

مزید تحقیقات اور PPSC کا مؤقف سامنے آنے تک یہ واقعہ میرٹ اور شفافیت کے پورے نظام پر ایک بڑا سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US