معروف پاکستانی اداکار سلمان سعید جو متعدد ہٹ ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے باعث پہچانے جاتے ہیں حال ہی میں بیوی علینہ سعید کے ہمراہ مارننگ شو میں شریک ہوئے۔ دورانِ گفتگو انہوں نے اپنی منگنی اور شادی کے یادگار مگر دلچسپ واقعات سے پردہ اٹھایا۔
سلمان سعید نے بتایا کہ وہ اپنی منگنی میں خود شریک نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ میں اپنی منگنی میں اس لیے نہیں گیا کیونکہ کووڈ تھا اور میری کراچی میں شوٹنگ تھی۔ دوسری طرف میری اہلیہ کی والدہ مسلسل منگنی کے لیے زور دے رہی تھیں۔
سلمان کے مطابق انہوں نے اپنے بھائی ہمائیوں سعید سے کہا کہ وہ ان کی نمائندگی کریں۔ سلمان نے بتایا کہ ہمائیوں بھائی نے کہا کہ ایک دن پہلے جہاز کا حادثہ ہوا تھا اس لیے وہ خود سفر سے ڈر رہے تھے مگر آخرکار وہ اور ان کا ایک دوست لاہور چلے گئے اور ہمائیوں بھائی نے میری جگہ انگوٹھی بھی پہنائی۔
علینہ سعید نے بھی مسکراتے ہوئے بتایا کہ ہمائیوں بھائی پورے وقت ہنس رہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ انہوں نے کبھی زندگی میں ایسا کام نہیں کیا۔
علینہ نے بتایا کہ سلمان اپنی بارات پر بھی کافی دیر سے پہنچے۔بارات رات 8 بجے پہنچی، حالانکہ نکاح، فوٹوشوٹ، کھانا اور رخصتی 10 بجے سے پہلے ہونا تھی۔ گرمی بہت زیادہ تھی انتظامات بھی ادھورے تھے اور لائٹس تک بند ہو چکی تھیں۔
سلمان نے مزید بتایا کہ نکاح کے وقت حقِ مہر بھی طے نہیں تھا۔ قاضی صاحب نے کہا 50 لاکھ لکھ دیتے ہیں میں نے فوراً کہا ایک کروڑ لکھ دیں میں اسے کبھی جانے نہیں دوں گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جلدی میں سب لوگ کمرے میں جمع ہوئے اور فوٹو شوٹ بھی اسی کمرے میں ہوا۔