اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں اکھاڑ پچھاڑ، سیکریٹری نبیل احمد اعوان کا کنٹرول

image

وفاقی حکومت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں غیر معمولی اور وسیع پیمانے پر انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے تمام اہم جوائنٹ سیکریٹریز کو تبدیل کردیا ہے۔

یہ اب تک کی سب سے بڑی اکھاڑ پچھاڑ قرار دی جا رہی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے وزیر اعظم کی منظوری سے ڈویژن کا پاور اسٹرکچر مکمل طور پر ازسرنو ترتیب دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تیز رفتار اور بھرپور تبدیلی نے نہ صرف ڈویژن کے اندرونی توازن کو بدل دیا ہے بلکہ اس بات کی بھی تصدیق کردی ہے کہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے اپنی ٹیم اور قابلِ اعتماد افسران کے ذریعے ایک نئی کمانڈ اینڈ کنٹرول لائن قائم کرلی ہے، جبکہ پرانے بااثر افسران کو مؤثر انداز میں سائیڈ لائن کردیا گیا ہے۔

سیدہ شفق ہاشمی (PAS-19) کو سینیٹ سیکریٹریٹ سے لاکر جوائنٹ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کردیا گیا، نائیلہ باقر کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے ہٹا کر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن بھیج دیا گیا، مجید علی پہنوار کو جوائنٹ سیکریٹری غربت میں کمی ڈویژن سے تبدیل کر کے جوائنٹ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن مقرر کردیا گیا، عامر حسین غازی کو ڈپٹی سیکریٹری غربت میں کمی ڈویژن سے سیکشن 10 کے تحت براہ راست جوائنٹ سیکریٹری تعینات کردیا گیا، پیر علی لاکھو (گریڈ 18، سندھ حکومت) کو ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن مقرر کردیا گیا، شیرین حنا اصغر (وزارتِ داخلہ) سیکشن 10 کے تحت ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن تعینات کردیا گیا، راجہ رشید علی کو جوائنٹ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے تبدیل کر کے جوائنٹ سیکریٹری غربت میں کمی و سماجی بہبود ڈویژن لگادیا گیا۔

بیوروکریسی میں اس بڑے پیمانے کی تبادلوں کو سیکریٹری نبیل احمد اعوان کی جانب سے اختیارات کے بھرپور نفاذ کی علامت سمجھا جارہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف مستقبل کی ترقیاں، تبادلے اور کیڈر پالیسیز متاثر ہوں گی بلکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن عملی طور پر ایک نئی طاقتور انتظامی لائن کے تحت چلنے جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US