ایئرکرافٹ انجینیئرز کی ہڑتال کے باعث آج بھی قومی ایئر لائن کی 5 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ ملک بھر کی 43 پروازوں میں سے 26 پروازیں شدید تاخیر کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور پشاور سے دبئی جانے والی پروازیں PK-213 اور PK-284 منسوخ کر دی گئی ہیں، سیالکوٹ سے شارجہ اور ابوظہبی جانے والی پروازیں PK-210 اور PK-177 بھی منسوخ ہیں جبکہ پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز PK-257 کو بھی منسوخ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کی 19، لاہور کی 11 اور کراچی کی 7 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ اسلام آباد اور کراچی سے کوئٹہ جانے والی 4 پروازوں میں ساڑھے 4 گھنٹے کی تاخیر ہے، پشاور سے شارجہ جانے والی پرواز PK-258 میں 9 گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
ابوظہبی سے پشاور جانے والی پرواز PK-217 میں ساڑھے 7 گھنٹے، کراچی سے لاہور اور اسلام آباد جانے والی 6 پروازوں میں 1 سے 5 گھنٹے تک، لاہور سے ریاض، مدینہ اور جدہ جانے والی 3 پروازوں میں 6 سے 7 گھنٹے، اور لاہور سے دبئی و جدہ کی نجی پروازوں میں 6 سے ساڑھے 6 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
مزید برآں، قومی ایئر لائن کی جدہ سے کراچی جانے والی 2 پروازیں PK-762 اور PK-832 میں 4 گھنٹے، اسلام آباد سے دبئی PK-233 اور PK-234 میں 4 سے 6 گھنٹے، اسلام آباد سے مدینہ PK-714 میں 8 گھنٹے اور مدینہ سے ملتان PK-715 میں 6 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔