اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن نے میرپور، آزاد جموں و کشمیر میں خواتین کے لیے نیا فری لانسنگ حب قائم کر دیا ہے جسے خطے میں خواتین کی معاشی بااختیاری اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایس سی او نے کہا کہ ادارہ ملک میں آئی ٹی سہولیات کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس سی او وژن 2025 کے تحت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 100 مقامات پر جدید آئی ٹی انفراسٹرکچر کی فراہمی کا مشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرپور فری لانسنگ حب کا قیام خواتین کے لیے ایک محفوظ، جدید اور مربوط ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کی سمت ایک بڑا قدم ہے، جس کا مقصد نوجوان خواتین کو آن لائن روزگار، آئی ٹی تربیت اور جدید سہولیات کی فراہمی ہے۔
ایس سی او اس سے قبل مظفرآباد میں خواتین کے لیے پہلا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کر چکی ہے۔ میرپور کا نیا مرکز اس سلسلے کی توسیع ہے۔
فری لانسنگ ہب میں نوجوانوں کو تربیت، تکنیکی معاونت اور ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کی جائے گی، جس سے ڈیجیٹل اسکلز میں بہتری اور خواتین کی گھریلو و معاشی خودمختاری کو فروغ ملے گا۔
اہلِ علاقہ نے ایس سی او کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے نوجوانوں کے لیے روزگار، خود انحصاری اور علاقائی ڈیجیٹل ترقی کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔