"کاش مرد یہ سمجھ جائیں کہ قیمتی گاڑیاں اور مہنگے کپڑے انہیں قابلِ قدر نہیں بناتے، بلکہ ان کے اطوار، محبت اور عورتوں کے ساتھ حسنِ سلوک ہی ان کی اصل پہچان ہیں۔"
بیوی کو ہتھیلی کا چھالا بنا لیا ہے
"اللہ ان دونوں کے رشتے کو ہمیشہ مضبوط رکھے۔"
"نظرِ بد سے بچ جائیں۔"
"اداکاراؤں کو چاہیے کہ وہ انڈسٹری سے باہر شادی کریں، اداکاروں کے پیچھے نہ بھاگیں۔"
"خوبصورتی نہیں بلکہ کردار اہم ہوتا ہے۔"
یہ وہ تبصرے ہیں جو سوشل میڈیا پر نیلم منیر اور ان کے شوہر محمد راشد کی نئی وائرل ویڈیو کے نیچے مداحوں نے کیے۔ یہ ویڈیو دبئی میں عطر برانڈ زم زم پرفیوم کی لانچ تقریب کے دوران بنائی گئی، جہاں نیلم اپنے شوہر کے ہمراہ جلوہ گر ہوئیں اور سب کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی مشہور و محبوب اداکارہ نیلم منیر، جو اپنی خوبصورتی، شائستگی اور شاندار اداکاری کے باعث لاکھوں دلوں پر راج کرتی ہیں، شادی کے بعد دبئی میں مقیم ہیں مگر اکثر اپنے ڈراموں کی شوٹنگ کے لیے پاکستان آتی ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد 7.9 ملین سے زیادہ ہے۔
تقریب میں نیلم سادہ مگر دلکش سیاہ ریشمی سوٹ میں ملبوس نظر آئیں جبکہ ان کے شوہر محمد راشد نے روایتی عربی کندورہ پہنا ہوا تھا۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ راشد نہایت محبت سے اپنی اہلیہ کا ہاتھ تھامے انہیں گاڑی تک لے جا رہے ہیں اور دروازہ کھول کر عزت و پیار سے بٹھا رہے ہیں۔ پس منظر میں بالی ووڈ کا مشہور گانا ’ہولے ہولے‘ بج رہا تھا، جس نے منظر کو مزید رومانوی بنا دیا۔
یہ مختصر ویڈیو جیسے ہی نیلم نے انسٹاگرام پر شیئر کی، دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ مداحوں نے نہ صرف دونوں کی جوڑی کو خوب سراہا بلکہ راشد کے نرم اور عزت دار رویے کو بھی دل سے پسند کیا۔
نیلم منیر نے نومبر 2024 میں دبئی میں محمد راشد سے شادی کی تھی، اور ان کی شادی کی تصاویر بھی اس وقت سوشل میڈیا پر چھا گئی تھیں۔ اس سال ان کے ڈرامے محشر میں معصوم کردار نے بھی انہیں دوبارہ مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
فینز کا کہنا ہے کہ نیلم کی زندگی اور محبت کا نیا باب اتنا ہی خوبصورت ہے جتنا ان کی اسکرین پر نظر آنے والا وقار اور شرافت۔ نیلم اور راشد کی جوڑی اس وقت مداحوں کی پسندیدہ جوڑیوں میں شامل ہو چکی ہے، اور سب کی یہی دعا ہے کہ ان کا یہ رشتہ ہمیشہ خوشیوں اور محبتوں سے بھرپور رہے۔