وفاقی کابینہ نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آذربائیجان کے شہر باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے ہوا، جس میں 27ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، مصدق ملک، رانا ثنااللہ، ریاض حسین پیرزادہ، عون چوہدری، ڈاکٹر شہزرہ منصب، قیصر احمد شیخ اور دیگر وزراء شریک تھے، جبکہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27ویں آئینی ترمیم پر کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی، جس کے دوران پیپلز پارٹی کی تجاویز اور اعتراضات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ترمیم کے مسودے کی منظوری کے بعد یہ بل آج ہی سینیٹ میں بطور ضمنی ایجنڈا پیش کیا جائے گا۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے پیپلز پارٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ کو نہیں چھیڑا جائے گا، بیشتر نکات پر اتفاق ہو چکا ہے جبکہ چند شقوں پر مزید مشاورت جاری ہے۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کے بعد کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا اور حکومت کی خواہش ہے کہ اسے پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے تاکہ تفصیلی جائزہ ممکن ہو۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی نے مجوزہ آئینی ترمیم کی بعض شقوں سے اختلاف برقرار رکھا ہے۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے آرٹیکل 160 کی شق 3-اے ختم کرنے، صوبائی خودمختاری سے متعلق شیڈول 2 اور 3 ریورس کرنے اور تعلیم و آبادی کے مضامین وفاق کے ماتحت کرنے کی تجاویز سے اتفاق نہیں کیا۔

اس کے علاوہ پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی (آرٹیکل 213)، دہری شہریت (آرٹیکل 63(1)(c)) اور ایگزیکٹو مجسٹریٹس کے اختیارات سے متعلق ترامیم پر بھی تحفظات ظاہر کیے ہیں۔

پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ دہری شہریت، الیکشن کمشنر اور ایگزیکٹو مجسٹریٹس سے متعلق ترامیم پر ہمارا اتفاق نہیں ہوا، ان شقوں کی حمایت نہیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ کا اجلاس آج ہی طلب کیا گیا ہے اور آئینی ترمیمی بل پیش ہونے کے موقع پر اپوزیشن کے احتجاج کا بھی امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US