وفاقی دارالحکومت میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اتوار کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات جاری ہے، انسدادِ ڈینگی مہم کی کارکردگی سے متعلق یومیہ سرویلینس رپورٹ پیش کی گئی۔
ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کے لیے شہر کے حساس علاقوں میں 861 مقامات پر فوگنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر شہر کے مختلف حصوں میں 30,137 انسپکشن مکمل کی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 23 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔لاروا کی چیکنگ کے دوران 185 پازیٹیو ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کی گئی۔17 کیسز رورل ایریاز جبکہ 6 کیسز اربن ایریاز سے سامنے آئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کے مختلف ہسپتالوں میں اس وقت 67 مریض زیرِ علاج ہیں۔ڈینگی ٹیموں کی جانب سے مختلف سیکٹرز اور یونین کونسلز میں 1,142 مقامات پر اسپرے کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کی انسداد ڈینگی ٹیموں کو متاثرہ علاقوں میں انسپکشن اور روزانہ کاکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مختلف مقامات سیل اور متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا، پبلک مقامات پر آگاہی بینرز اور انفارمیشن بورڈز نصب کیے گئے ہیں، شہری صفائی کا خیال رکھیں اور ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، آئیں مل کر اسلام آباد کو ڈینگی فری بنانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کریں۔