اسلام آباد پولیس کی قابل اور ہونہار نیشنل ایتھلیٹ عمیرہ شیراز نے شاندار کارکردگی سے ادارے اور ملک کا نام ایک بار پھر روشن کردیا۔
انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقدہ "Xiaomi Pop Run" کی 5 کلومیٹر دوڑ میں دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے میڈل اور ایک لاکھ روپے انعام اپنے نام کیا۔
عمیرہ شیراز کی اس کامیابی پر آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ان سے خصوصی ملاقات کی، ان کی کارکردگی کو سراہا اور بطور حوصلہ افزائی انہیں نقد انعام دیا۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس کے اہلکار نہ صرف پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں نمایاں ہیں بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمیرہ شیراز آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گی۔