محکمہ موسمیات کا الرٹ، بحیرہ عرب میں بننے والا سسٹم کس سمت بڑھ رہا ہے؟ آگے کیا ہوگا؟

image

محکمہ موسمیات نے بحیرہ عرب میں بننے والے موسمیاتی سسٹم کے حوالے سے تیسرا واچ الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جنوبی مشرقی عرب سمندر میں موجود ڈپریشن شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ ڈپریشن مزید منظم ہوا ہے اور اسی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سسٹم کا مرکز اس وقت 13.3 شمالی عرض بلد اور 70.5 مشرقی طول بلد پر موجود ہے جو کراچی سے تقریباً 1340 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

مزید بتایا گیا کہ یہ نظام بھارت کے جزائر لکشدیپ سے تقریباً 340 کلومیٹر شمال مغرب کی سمت میں ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کے مشرقی عرب سمندر میں مزید شمال مشرق کی طرف پیش قدمی کرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال اس موسمیاتی سسٹم سے پاکستانی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں، تاہم صورتِ حال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر مسلسل سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے اور متعلقہ اداروں کو بروقت آگاہ رکھا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US