حکومت خیبر پختونخوا نے صوبائی سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین کے لیے چہرے کی شناخت کے ذریعے حاضری کو فوری طور پر لازمی قرار دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
محکمہ انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامی سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو جاری مراسلے کے مطابق محکمہ خزانہ کے ریکارڈ میں سیکرٹریٹ ملازمین کی کل تعداد تقریباً 5600 ہے۔ تاہم اب تک صرف 666 ملازمین کی رجسٹریشن مکمل ہو سکی ہے جن میں سے 229 اسٹیبلشمنٹ و ایڈمنسٹریشن اور 437 دیگر محکموں کے ملازمین شامل ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ چہرے کی شناختی نظام کے لیے رجسٹریشن کی رفتار انتہائی سست ہے۔ اس صورت حال پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی ہے۔
تمام ملازمین کی بائیو میٹرک رجسٹریشن اور چہرے سے حاضری کا عمل آج 24 اکتوبر تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔حکام کے مطابق یہ اقدام حاضری کے نظام کو شفاف بنانے اور سرکاری دفاتر میں ملازمین کی بروقت موجودگی یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔