خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مزید 107 کیسز رپورٹ

image

خیبر پختونخوا میں ڈینگی مچھروں کے وار تیز ہوتے جارہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 107 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں اس وقت ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد 241 ہے، جبکہ رواں سال ڈینگی کیسز 3 ہزار 511 تک جا پہنچے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے متاثرہ 31 نئے مریض مختلف اسپتالوں میں داخل کیے گئے، جبکہ صوبے کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 55 ہے، اسپتالوں میں رواں سال ڈینگی کے کل 1 ہزار 447 مریض داخل کرائے گئے ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کی رپورٹ میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ 3 ہزار 268 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں، جبکہ 2 اموات واقع ہوئی ہیں۔

ادھر ضلع مردان میں ڈینگی سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے، جس کے ساتھ ہی وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی کل تعداد تین ہوگئی، ایم ایم سی اسپتال میں زیرِ علاج مریض جان ولی کئی دن سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھا، جو آج دم توڑ گیا۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی بے قابو ہوتا جارہا ہے، مردان میں مزید 338 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 6689 مریضوں کی تشخیص کا عمل جاری ہے۔

ادھر ڈینگی کنٹرول کے ذمے دار افسران ٹریننگ اور فیلڈ کے نام پر ڈیوٹی سے غائب ہیں، برائے نام کارروائیاں جاری ہیں۔ اس غفلت اور عدم دلچسپی نے مردان میں صورتحال خطرناک بنادی اور ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US