بیجنگ۔20مئی (اے پی پی):چین کے صدر شی جن پھنگ نےہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی المناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو چینی میڈیا گروپ کے مطابق چینی صدر نے ایران کے نائب صدر محمد مخبر کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے جس میں چینی حکومت اور عوام کی جانب سے ایران کے نائب صدر محمد مخبر سے صدرابراہیم رئیسی کے اہل خانہ ،ایرانی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے صدر رئیسی نے ایران کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے اور قومی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا اور چین ایران جامع سٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لئے بھی مثبت کوششیں کیں۔ چینی صدر نے کہا کہ ایرانی صدر کی المناک موت ایرانی عوام کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے اور چینی عوام نے ایک اچھا دوست کھو دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی حکومت اور عوام چین اور ایران کے درمیان روایتی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ دونوں فریقین کی مشترکہ کوششوں سے چین اور ایران کے درمیان جامع سٹریٹجک شراکت داری نہ صرف مستحکم رہے گی بلکہ ترقی بھی کرتی رہے گی۔