پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے گورنروں کا تقرر، صدر نے منظوری دے دی

image
صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے گورنروں کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

سنیچر کو ایوار صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر پاکستان نے سردار سلیم حیدر خان کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دی۔

اسی طرح فیصل کریم کنڈی اور جعفر خان مندوخیل کی بطور گورنر خیبر پختونخوا اور گورنر بلوچستان تعیناتی کی بھی منظوری دے دی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے گورنروں کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 101 (ایک) کے تحت دی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے گذشتہ روز پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لیے گورنروں کو نامزد کیا تھا۔

صوبے پنجاب کی گورنر شپ کے لیے اٹک سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما سردار سلیم حیدر خان کو نامزد کیا گیا۔

سردار سلیم حیدر خان کا تعلق ضلع اٹک سے ہے اور وہ وفاقی وزیر بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز بھی رہ چکے ہیں۔

اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبر پختونخوا نامزد کیا گیا تھا۔ وہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اور موجودہ گورنر حاجی غلام علی کی جگہ سنیچر کو اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔

جعفر خان مندوخیل کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے اور پارٹی کے بلوچستان میں صوبائی صدر ہیں۔

جعفر خان مندوخیل کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے۔ (فوٹو: جعفر خان مندوخیل فیس بک)واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد ملک میں حکومت سازی کے عمل میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ مرکزی حکومت مسلم لیگ ن کے پاس رہے گی جبکہ صدر مملکت کے عہدے کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنروں کے آئینی عہدے پیپلز پارٹی کے پاس جائیں گے۔ سندھ اور بلوچستان کے گورنروں کے عہدے مسلم لیگ ن کے پاس ہوں گے۔ سینیٹ چیئرمین کا عہدہ پیپلز پارٹی رکھے گی۔

اقتدار کی اس تقسیم کے فارمولے کے پہلے مرحلے میں آصف علی زرداری نے صدر کا عہدہ سنبھالا جبکہ یوسف رضا گیلانی چئیرمین سینیٹ منتخب ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے ن لیگ کے حصے میں آئے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.