ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جاری، بلوچستان میں کمرے کی چھت گرنے سے پانچ کان کن ہلاک

image

بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت پاکستان کے بڑے حصے میں بارشوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے۔ بلوچستان میں کمرے کی چھت گرنے سے پانچ کوئلہ کان کن ہلاک ہوگئے۔ لینڈسلائیڈنگ کے باعث بلوچستان اور خیبر پختونخوا کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں پر اثرانداز ہو رہا ہے۔ جمعرات کو شمالی بلوچستان، جنوبی اور وسطی پنجاب،بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

ملک میں سب سے زیادہ 33 ملی میٹر بارش بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ہوئی۔لورالائی کے علاوہ بلوچستان کے دیگر اضلاع کوئٹہ، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین، قلعہ عبداللہ، مستونگ، ہرنائی، سبی، جھل مگسی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کوئٹہ میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔لورالائی سے متصل بلوچستان کے ضلع دکی میں موسلادھار بارش کے باعث کمرے کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر پانچ مزدور جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔علاقے کے ایس ایچ او محمد شریف موسیٰ خیل نے اردو نیوز کو بتایا کہ حادثہ دکی کے معراج کول مائنز ایریا میں پیش آیا۔ پانچوں مزدوروں کوئلہ کان میں کام کرتے تھے۔وہ رات کی شفٹ مکمل کرکے صبح باہر آکر کان کے قریب ہی رہائش کے لیے سیمنٹ کے بلاک سے بنائے گئے کمرے میں سوئے ہوئے تھے۔اس دوران تیز بارش کی تاب نہ لاکر کمرے کی چھت اور پھر دیواریں مزدوروں کے اوپر گرگئیں۔ایس ایچ او کے مطابق مرنے والے مزدوروں میں موسیٰ خیل سے تعلق رکھنے والے تین چچا زاد بھائی شامل تھے۔ باقی دو کا تعلق قلعہ سیف اللہ سے تھا۔میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔ادھر خیبر پختونخوا سے متصل بلوچستان کے ضلع شیرانی میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث کوئٹہ کو خیبر پختونخوا اور اسلام آباد سے ملانے والی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔ خیبر پختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد کا کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور شیرانی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ سینکڑوں گاڑیاں، ٹرک اور مسافر بسیں پھنس گئیں۔

زیارت اور اس کی تحصیل سنجاوی میں بھی موسلادھار بارش کے بعد کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا (فوٹو: خیال محمد دمڑ)

ضلعی انتظامیہ نے مسافروں اور ٹرک ڈرائیوروں کو پنجاب اور خیبر پختونخوا جانے کے لیے لورالائی ڈیرہ غازی خان این 70 شاہراہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر شیرانی محمد عظیم دمڑ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’بدھ کی رات موسلادھار بارش کے بعد شیرانی کے علاقے دہانہ سر کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ شروع ہوئی۔‘ ’بڑے اور بھاری پتھروں نے ژوب ڈیرہ اسماعیل خان این 50 شاہراہ کو بند کردیا۔ لینڈسلائیڈنگ کے باعث ایک ٹرک پھنس گیا تھا تاہم اس میں سوار افراد کو بچا لیا گیا۔‘ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ذریعے پتھروں کو ہٹانے میں مصروف ہیں۔ لینڈسلائیڈنگ بڑے پیمانے پر ہوئی ہے اور مزید بارش نہ ہوئی تو بھی شاہراہ کو آمدروفت کے لیے بحال کرنے میں 72 گھنٹے لگیں گے۔انہوں نے بتایا کہ دہانہ سر کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ کے واقعات معمول ہیں اور انہیں روکنے کے لیے دیرپا اقدامات کی ضرورت ہے۔زیارت اور اس کی تحصیل سنجاوی میں بھی موسلادھار بارش کے بعد کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔ سنجاوی بازار میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔سبی میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوگئی۔

شیرانی میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث کوئٹہ کو خیبر پختونخوا اور اسلام آباد سے ملانے والی شاہراہ بند ہوگئی (فوٹو: این ایچ اے)

محکمہ آبپاشی کے مطابق دریائے ناڑی سے 18 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ گزر رہا ہے۔ ہرنائی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔کوئٹہ، زیارت اور بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم سرد ہوگیا۔ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 اور کم سے کم 13 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ 13 ملی میٹر بارش پارا چنار میں ہوئی۔ ڈیرہ اسماعیل خان، دیر، بنوں، چراٹ، چترال، با پشاور، مالم جبہ، مردان اور سوات میں بھی بارش ہوئی۔اسلام آباد ، راولپنڈی اور مری میں بھی بارش ہوئی۔ پنجاب میں سب سے زیارہ بارش چکوال میں 9 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، جہلم، اٹک، جھنگ، لیہ اور بھکر میں بھی بارش ہوئی۔پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں سب سے زیادہ بارش راولا کوٹ میں ریکارڈ کی گئی۔ گلگت بلتستان میں بھی استور، سکردو، گلگت اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے جمعہ کو خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، وسطی اور بالائی پنجاب، شمالی بلوچستان اور سندھ کے سکھر ڈویژن اور اطراف کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ملک کے جنوبی علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.