نو مئی کے واقعات: صنم جاوید، عالیہ حمزہ سمیت 31 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

image

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید اور سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کر لی ہے۔عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں بدھ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن صنم جاوید اور سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت منظور کی اور پراسیکیوٹر سے 12 اپریل کو دلائل طلب کر لیے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ عدالت نے ملزمان کو دو دو لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے جناح ہاؤس اور تھانہ شادمان حملہ کیس کے مقدمات میں ضمانتیں منظور کیں۔ صنم جاوید کی جانب سے شکیل پاشا ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ عالیہ حمزہ کی جانب سے نصیرالدین نیئر ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔ملزمان کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ’خواتین کو ہر بار ضمانت کے بعد دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا جاتا ہے، جس مقدمہ میں اب گرفتار کیا اس میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے، عدالتی فیصلوں کے مطابق بھی خواتین کو ضمانت جلد ملنی چاہیے۔‘ملزمان کے وکلا نے مزید کہا کہ ’نظر بندی سمیت چھ الزامات میں ان کی ضمانتیں کروائی گئیں مگر ہر بار کسی نئے مقدمے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔‘ وکلا نے دلائل دیے کہ دونوں ملزمان 10، 11 ماہ سے گرفتار ہیں لیکن کوئی الزام ابھی تک ثابت نہیں ہوا، لہذا ان کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دیا جائے۔

وکلا نے کہا کہ ’ملزمان کی ضمانتیں کروائی گئیں مگر ہر بار کسی نئے مقدمے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ’یہ خواتین نو مئی کو ریاست مخالف سازش کا حصہ بنیں۔ ملزمان نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مل کر جلاؤ گھیراؤ کرایا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’سنگین الزامات اور ان کی رہائی پر نقص امن کو خطرے کے پیش نظر درخواست ضمانت خارج کی جائے۔‘ بعدازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی دو دو لاکھ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام پر گرفتار کیا گیا تھا۔ صنم جاوید کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت بھی مل چکی ہے۔اس کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھراؤ کیس میں دیگر 31 ملزمان کی ضمانت بھی منظور کر لی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.