وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج سنبھال لیا، ثقافت ہماری قومی شناخت کا اہم جزو ہے، پاکستان کے ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانا ہوگا، عطاءاللہ تارڑ

image

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے پیر کو قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کا چارج سنبھال لیا۔ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن آمد کے موقع پر وفاقی سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ کا استقبال کیا۔ سیکریٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن نے وفاقی وزیر کو قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے امور کار سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی ذمہ داری میرے لئے اعزاز اور اہم چیلنج ہے اور مجھے فخر ہے کہ پاکستان کی قومی اور عالمی سطح پر خدمت کرنے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کی تاریخ اور ثقافت انتہائی متنوع ہے، ثقافت ہماری قومی شناخت کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مضبوط ثقافتی ورثوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ثقافت کا اہم پہلو ڈرامہ اور موسیقی ہیں جو دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی اور جذبات کے لئے جانے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافت، موسیقی اور ڈرامہ کے ذریعے ملک کا مثبت امیج دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں ثقافت اور فنکار برادری کی بہتری اور ترقی کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے ثقافتی شعبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول فنکاروں، ثقافتی اداروں اور عوام کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانا ہوگا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.