مسلسل ناکامیوں کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کی پلے آف تک رسائی کی تاریخی واپسی

image

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جاری 17ویں ایڈیشن کے 68ویں میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو 27 رنز سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

سنیچر کے بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سی ایس کے نے آر سی بی کی جانب سے دیے گئے 219 رنز کے ہدف کے جواب میں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔

یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے ناک آوٹ مرحلے (پلے آف) سے قبل وِرچوئل ناک آؤٹ میچ تھا جس میں دونوں ٹیموں کے پاس غلطی کی کوئی گنجاش نہیں تھی۔

پلے آف مرحلے میں جانے کے لیے آر سی بی کو سی ایس کے کو 201 رنز تک محدود رکھنا تھا جبکہ سی ایس کے کو 201 رنز بنانا تھے جس میں وہ ناکام رہے۔

آر سی بی نے اس میچ میں جیت کے بعد 14 پوائنٹس حاصل کیے لیکن سی ایس کے کو 201 رنز سے پہلے آؤٹ کرنے کے باعث بہتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے آر سی بی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر گئی۔

آر سی بی کا اس سیزن میں پلے آف مرحلے میں کوالیفائی کرنا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ 

 آر سی بی نے آئی پی ایل کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے والا کم بیک کیا (فوٹو: اے ایف پی)

آر سی بی کو لیگ کے پہلے سات میچوں میں سے چھ میچوں میں شکست ہوئی جس کے باعث ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر صرف دو پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود رہی۔

ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے سات میچوں میں مایوس کن کارکردگی دکھانے کے بعد آر سی بی کے پلے آف مرحلے میں جانے کی امیدیں نہ ہونے کے برابر تھیں تاہم اپنے اگلے سات میچوں میں سے لگاتار چھ میچوں میں جیت حاصل کر کے آر سی بی نے آئی پی ایل کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے جانے والا کم بیک کیا۔

آر سی بی نے لیگ میں اپنے نویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کو اُن کے گھر میں 35 رنز سے شکست دی۔

اس کے بعد آر سی بی نے اپنے دسویں میچ میں گجرات ٹائٹنز کو 9 وکٹوں سے اُن کے ہوم گراؤنڈ احمدآباد میں ہرایا۔ 

آر سی بی کا مقابلہ پلے آف مرحلے کے ایلیمینیٹر میں سن رائزرز حیدرآباد یا پھر راجستھان رائلز سے ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)

اپنے 11ویں میچ میں رائل چلینجرز بنگلور نے گجرات ٹائٹنز کو مسلسل دوسری مرتبہ شکست دیتے ہوئے چار وکٹوں سے فتح حاصل کی جبکہ 12ویں میچ میں آر سی بی نے پنجاب کنگز کو اُن کے ہوم گراؤنڈ دھرم شالہ میں 60 رنز سے زیر کیا۔

اپنے 13ویں میچ میں آر سی بی نے اپنے ہوم گراؤنڈ بنگلور میں دہلی کیپیٹلز کو 47 رنز سے شکست دی جبکہ 14ویں اور آخری گروپ میچ میں فاف ڈو پلیسی کی آر سی بی نے چنئی سپر کنگز کو 27 رنز سے ہرا دیا۔

آر سی بی کا مقابلہ 22 مئی کو احمدآباد میں کھیلے جانے والے پلے آف مرحلے کے ایلیمینیٹر میں سن رائزرز حیدرآباد یا پھر راجستھان رائلز سے ہوگا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.