’ڈاکٹر اور پولیس کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی، اگلا ٹِک ٹاک کون سا ہو گا؟‘

image

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک مرتبہ پھر فورسز کی وردی زیب تن کر لی ہے۔

جمعے کو لاہور میں ایلیٹ فورس پنجاب کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعلیٰ پنجاب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں وہ ایلیٹ فورس کی وردی پہنے ہوئے نظر آئیں۔

جہاں لوگ مریم نواز کے دوبارہ وردی پہننے پر حیران ہیں وہیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر کافی تبصرے بھی ہو رہے ہیں۔

سعد قیصر نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’مریم نواز نے دوبارہ کر دکھایا، ایلیٹ فورس سے اظہار یکجہتی کے لیے وردی زیب تن کرلی۔ جن لوگوں کو پسند نہ آئے انہیں کہوں گا کہ محنت کر حسد نہ کر‘

منیب احمد نے لکھا مریم نواز نے وردی پہن کر ایک بار پھر ہمیں حیران کر دیا، یہ چیف منسٹر ہیں۔‘

منصور احمد نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ’یہ ہو کیا رہا ہے‘

بلال سلیمی نے کہا ’ڈاکر اور پولیس کے بعد آج ایلیٹ فورس۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’پولیس والی بھی بن گئیں ایلیٹ والی بھی بن گئیں، اب اگلے ٹک ٹاک کے لیے مریم نواز ڈالفن والی بنیں گیں۔‘

واضح رہے گزشتہ ماہ بھی مریم نواز نے لیڈی پولیس افسران کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں پنجاب پولیس کی وردی پہنی تھی جس پر انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پولیس کی وردی پہننا سوشل میڈیا پر تو زیر بحث رہا ہی، اسی دوران ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی سیشن کورٹ لاہور میں دائر کی گئی تھی۔

مریم نواز پر پولیس یونیفارم پہنننے پر تنقید پر پنجاب پولیس نے کہا تھا کہ وزیراعلٰی پنجاب اور گورنر پنجاب پولیس کی یونیفارم قانونی طور پر پہن سکتے ہیں۔

مریم نواز کا خطاب 

ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، آج اس وردی کو پہن کر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت سے جتنی آپ سب کو خوشی ہے اس سے کہیں زیادہ خوشی مجھے ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا ’ایلیٹ فورس نواز شریف اور شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہے جس میں آج تک 70 ہزار نوجوان ٹرین ہوئے۔ آج میں آپ سے اظہار یکجہتی کے لیے یونیفارم پہن کر آئی ہوں یہ بتانے کے لیے کہ میں آپ میں سے ہی ہوں۔‘

’آج جب میں آپ کو حلف لیتے ہوئے سن رہی تھی تو میرے رونگٹے کھڑے ہو رہے تھے، چاہے میں ہوں یا آپ، میں سمجھتی ہوں کہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے جو چند افراد کے حصے میں آتی ہے۔ ‘

انہوں نے مزید کہا ’مجھے آج جان کر خوشی ہوئی کہ پاس آؤٹ ہونے والے 860 جوانوں میں 70 خواتین بھی ہیں، میں ان خواتین کے والدین کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں، جب قوم کی بیٹیاں لڑکوں کے شانہ بشانہ اپنے فرائض انجام دیں گی تو ہم کو فخر ہوگا۔‘

مریم نواز نے کہا ’جب بھی میں کسی شہید کو دیکھتی ہوں تو دل میں سوچتی ہوں کہ شہادت کا جذبہ بھی کیا جذبہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو مٹی پر قربان ہونے کے لیے اتار دیتے ہیں، میں اس جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں۔ ایلیٹ فورس کے 85 جوان شہید ہوچکے ہیں، میں ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ اللہ ان کو بلند درجات سے نوازے‘۔

’انسپکٹر جنرل کے ساتھ میرا رابطہ رہتا ہے، وہ جرات مند انسان ہیں، وہ پولیس فورس میں کافی تبدیلیاں لارہے ہیں، میں ان کو کہتی ہوں کہ میں پولیس فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، ان کے وسائل میں کمی نہیں آئے گی۔‘

مریم نواز نے کہا ’میں روز وردی پہن کر نہیں نکلتی، لیکن جب بھی گھر سے نکلتی ہوں تو میرے کاندھوں پر ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے، یہ وردی اعزاز کے ساتھ بہت بڑا امتحان بھی ہے۔ جو حلف آپ نے اٹھا یا ہے، جو وعدے آپ نے عوام کے ساتھ کیے ہیں وہ نبھانے ہیں، مظلوم کی داد رسی کرنی ہے اور آپ نے انصاف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، وہ وقت دور نہیں جب ہم پولیس پر لگے ہوئے دھبے

دھوئیں گے اور لوگ اپنے گھروں میں سکون سے سوئیں گے۔‘ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.