بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے مستحقین میں احساس فخر پیدا کرنا چاہتا ہے، روبینہ خالد

image

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) اپنے مستحقین میں احساس فخر پیدا کرنا چاہتا ہے۔ نوجوانوں کی بے روزگاری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہنر مندی کی تربیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آج بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں نیوٹیک (NAVTTC) کے نمائندگان کے ساتھ ایک اجلاس میں روبینہ خالد نے کہا کہ ہمارے تکنیکی اداروں کو معیاری ہنر مندی کی تربیت اور باقاعدہ رہنمائی فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے تاکہ ہمارے نوجوان باآسانی ملازمتیں حاصل کر سکیں۔

اجلاس کا بنیادی مقصد سکل ٹریننگ وائوچر (ایس ٹی وی) پروگرام کے آپریشنل طریقوں پر غور و خوض کرنا تھا جو کہ بی آئی ایس پی اور نیوٹیک (NAVTTC) کے درمیان ایک مشترکہ کوشش ہے۔ اس اقدام کا مقصد بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے خاندانوں کے بچوں کو اندرون و بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بہترین تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے تربیتی پروگراموں بالخصوص ہاسپیٹلٹی مینجمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، جیمز اینڈ سٹون پالشنگ، بیوٹیشن، نرس کیئر اور پلمبنگ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان شعبوں میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے کافی مواقع ہیں، اس کے علاوہ وہ ان شعبوں میں اپنا ذاتی کاروبار بھی شروع کر سکتے ہیں۔

سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے ایس ٹی وی پروگرام کے پائلٹ مرحلے کو ایک اہم اقدام کے طور پر اجاگر کیا جس کے تحت غریب افراد کو غربت سے باہر نکالنے میں مدد ملے گی۔ اس مرحلے میں بی آئی ایس پی تربیت کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اہل افراد کی شناخت اور ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے نیوٹیک (NAVTTC) کے ساتھ تعاون کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائلٹ مرحلے کا عنقریب باقاعدہ طور پر آغاز کیا جائیگا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک (NAVTTC) محمد عامر جان نے پائلٹ مرحلے کے منصوبوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے منتخب اضلاع سے تعلق رکھنے والے مستحق خاندانوں کے 1000 بچوں کو فنی مہارت کی تربیت فراہم کی جائے گی، تربیت کی تکمیل کے بعدانہیں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

ایڈیشنل سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹر محمد طاہر نور، ڈی جی سی آئی سائرہ عطاء اور پی ایس ڈی ایف، پی او ای پی اے اور اخوت فائونڈیشن کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.