وزارت تعلیم قومی تعلیمی ایمرجنسی کےتحت سکول نہ جانے والے بچوں کے تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے جامع منصوبہ کی تیاری کا جائزہ لے رہی ہے،حکام

image

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت، وزیر اعظم کی ہدایت اور اعلان کردہ قومی تعلیمی ایمرجنسی کےتحت سکول نہ جانے والے بچوں کے تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے ایک جامع منصوبہ کی تیاری کا جائزہ لے رہی ہے۔

وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے مطابق منصوبہ کو وزیراعظم کی باضابطہ منظوری کے لئےپیش کیا جائے گا۔وزارت کے حکام کے مطابق سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کے منصوبہ کیلئے آئندہ پانچ سالوں کے دوران 25 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا جائے گا اور وزارت تعلیم ،وزیر اعظم کی منظوری سے قومی اور صوبائی سطح پر تعلیمی بحران کے حل کیلئے ٹاسک فورس کی تجویز بھی دے گی۔ یہ ٹاسک فورس صوبائی نمائندوں اور شراکت داروں پر مشتمل ہو گی اور براہ راست وزیر اعظم کے دفتر کو رپورٹ کرے گی۔

وزارت کے حکام کے مطابق 2029 تک بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے بجٹ میں بتدریج اضافہ کرتے ہوئے جی ڈی پی کے 4 فیصد تک لانے پر غور کیا جائے گا۔ دریں اثناء وزارت وفاقی تعلیم صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے ملک بھر میں فاسٹ ٹریک پر قابل اساتذہ کی بھرتی شروع کرے گی۔

وزارت کے حکام نے بتایا کہ سکول جانے والے بچوں کی صحت کو بہتر بنانے کے لئے ایک جامع قومی غذائی پروگرام بھی شروع کیا جائے گا جس سے ان کی سیکھنے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ کمیونٹی کی بنیاد پر تدریس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

وزارت تعلیم کے حکام کے مطابق پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ ملک کے پسماندہ اضلاع میں طلباء کی پائیدار مالی مدد کے لئے قائم کیا جائے گا جس میں پسماندہ طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر وظائف کی فراہمی شامل ہے۔دانش سکول سسٹم کو صوبوں میں سنٹرز آف ایکسیلنس کے طور پر قائم کیا جائے گا جبکہ 60 ہزار طلبا کو بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کے ساتھ تربیت دینے کے لئے نیشنل سکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا۔

طلباء کے لئے تعلیمی وسائل/مواد اور ورچوئل لرننگ ماحول تک رسائی فراہم کرنے کے لئے ایک آن لائن تعلیمی پورٹل تیار کیا جائے گا۔وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وسیلہ تعلیم فنڈ کو مالی طور پر پسماندہ طلباء تک بڑھانے کے لئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کرے گی اور ملک کے قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کو تقویت دینے کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ استعمال کیا جائے گا۔

سٹیٹ بینک ایس ای سی پی اور وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر تمام صوبوں میں مالیاتی خواندگی کو توسیع دے گا۔ وزارت کے حکام کے مطابق سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اینڈ میتھ میٹکس (سٹیم) کی تعلیم کے لئے مربوط نقطہ نظر کو فروغ دینے کے ساتھ تعلیم کے جدید معیارات کے مطابق اختراعی تعلیمی اقدامات کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.