پاک چین دوستی علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لئے ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن ممکن نہیں، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ کی بیجنگ میں مشترکہ پریس کانفرنس

image

بیجنگ۔15مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لئے ضروری ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن ممکن نہیں، پاکستان تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین سمیت تمام بنیادی امور پر چین کی حمایت جاری رکھے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کے پانچویں دور کے بعد چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، چین نے پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی پر اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا، مسئلہ کشمیر پر چین کی مسلسل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے چین کی طرف سے گرمجوشی پر مبنی استقبال کو سراہتے ہوئے کہا کہ میری اور پاکستانی وفد کی بہترین مہمان نوازی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری چین کے نائب وزیراعظم سے مختلف موضوعات پر تعمیری اور مفید بات چیت ہوئی ہے، سی پیک، علاقائی، جغرافیائی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی ۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات میں پاکستان اور چین میں کئی اہم امور پر اتفاق رائے ہوا، ایم ایل ون، گوادر بندرگاہ، کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پر دہشت گرد پناہ گاہوں کو ختم کرے، شانگلہ حملہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، چین کی قیادت کے ساتھ شانگلہ حملہ پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہی ہے، آئندہ سال پاک چین مثالی دوستی کی 73 ویں سالگرہ ہوگی۔

اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین کی ون چائنہ پالیسی پر پاکستانی موقف کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک تزویراتی شراکت دار ہیں، پاک چین دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات علاقائی امن اور خوشحالی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، نائب وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد محمد اسحاق ڈار کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، نائب وزیراعظم کو دورہ چین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے، چین اور پاکستان کے تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.