تاجربرادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،تمام اقدامات باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

image

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تاجربرادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا اور تمام اقدامات باہمی مشاورت سے کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات منگل کویہاں پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت چیئرمین پاکستان بزنس کونسل شبیر دیوان کر رہے تھے ۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین ملک امجد زبیر ٹوانہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی تاکہ تاجر برادری کے تحفظات کو سنا جائے اور ان پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

وفد نے وزیر خزانہ سے ملک کے موجودہ معاشی منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا ۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پی بی سی کی تجاویز کو تسلیم کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر سے اس کا نوٹس لینے کی ہدایت بھی کی ۔ وزیر خزانہ نے وفد سے ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کی جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد ٹیکس کے دائرہ کار سے باہر طبقات کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ باہمی مشاورت سے ایسے اقدامات کئے جائیں گے جس سے حکومت اور تاجر برادری دونوں کے لیے بہترین نتائج سامنے آ سکیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
وفاقی حکومت بلوچستان میں غربت میں کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے،چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد کوئٹہ۔ 28 مئی (اے پی پی):چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں غربت میں کمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اس کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبے کی خواتین کو معاشی سپورٹ فراہم کرتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں بی آئی ایس پی اقدامات کی کوآرڈینیشن اور نفاذ کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی ایاز خان مندوخیل، سیکرٹری انڈسٹریز نور احمد پرکانی، سیکرٹری کالجز حافظ طاہر، ڈی جی بی آئی ایس پی عبدالجبار و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایت پر دورہ کررہی ہے جنہوں نے بلوچستان پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی ہے جس سے صدر آصف علی زرداری کی بلوچستان سے دلچسپی کا اظہار ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کو خصوصی توجہ دینے کے باعث ہی بلوچستان کے خواتین اور مردوں سے ہی پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد اس پروگرام پر عمل درآمد شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی لانے کے لیے اسکلز پروگرام بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کشیدہ کاری، مختلف چیزوں کی پیکنگ، لائیو اسٹاک اور ہیلتھ کیئر بہتر کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے اور اس کے علاوہ معیاری تربیت پر جانا ہوگا کیونکہ دنیا کو اب تربیت یافتہ ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.