اسرائیل غزہ جنگ پر بات نہ کرنے پر کئی شخصیات ’بلاک آؤٹ‘ مہم کے نشانے پر، کس نے کتنے فالوورز کھوئے؟

سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کو بلاک کرنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ بلاک آوٹ نامی یہ مہم کیسے شروع ہوئی، یہ کس کو نشانہ بنا رہی ہے اور اس کا کیا اثر ہوا۔
 زندیا
Getty Images
اداکارہ زندیا بلاک آوٹ فہرست میں شامل ہیں

امریکی اداکارہ زندیا ان مشہور شخصیات میں سے ایک تھیں جو بلاک آؤٹ لسٹ میں شامل تھیں۔ بلاک آؤٹ لسٹ سوشل میڈیا پر ایک نئی مہم یا رجحان کا نام ہے جو سوشل میڈیا صارفین پر زور دیتا ہے کہ وہ مشہور شخصیات کو بلاک کریں اور رواں ہفتے کے آخر میں اس مہم نے زور پکڑا۔

اس مہم میں ہیش ٹیگ بلاک آؤٹ اور ہیش ٹیگ بلاک آؤٹ 2024 میں نہ صرف ان معروف شخصیات کے ناموں کی فہرست شامل ہے بلکہ اس کے ساتھ پیغامات بھی دیے گئے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے ستاروں اور سلیبریٹیز کو دنیا بھر میں جاری انسانی آفات اور جنگوں، خصوصاً اسرائیل غزہ جنگ کے بارے میں بات نہ کرنے پر ہدف تنقید یا اس مہم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بلاک آؤٹ سے متعلق ہیش ٹیگز کچھ عرصہ قبل سے ہی استعمال کیے جا رہے ہیں لیکن امریکہ کی مشہور شخصیات کی زرق برق ملبوسات پہنے مشہور ایونٹ میٹ گالا میں شرکت کے بعد ان ہیش ٹیگز نے سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر لی ہے۔

ان شخصیات کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنانے کی مہم بلاک آؤٹ کا مقصد ان کی آمدنی کو متاثر کرنا ہے جو انھیں ان کی سوشل میڈیا فالوونگ سے حاصل ہوتی ہے۔

بلاک آؤٹ مہم کا آغاز کیسے ہوا؟

نیو یارک سٹی میں میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ کی جانب سے منعقدہ فنڈ ریزنگ کی مشہور تقریب میٹ گالا چھ مئی کو ہوئی۔ یہ سال کے سب سے زیادہ مقبول ریڈ کارپٹ فیشن تقریبات میں سے ایک تقریب سمجھی جاتی ہے اور اس میں دنیا کی کئی معروف شوبز شخصیات نے شرکت کی لیکن اس بار اس تقریب نے مظاہرین کو بھی اپنی طرف متوجہ کیا جنھوں نے غزہ میں جاری جنگ کی طرف توجہ مبذول کروانے کی کوشش کی۔

ماضی میں بھی میٹ گالا تقریبات میں سیاسی پیغامات دیکھے گئے ہیں جیسا کہ سنہ 2021 میں جب امریکی کانگرس رکن الیگزینڈریا کورتیز نے ’امرا پر ٹیکس لگائیں‘ والے پیغام والے لباس کے ساتھ شرکت کی تھی اور اسی طرح مخلتف معروف شخصیات می ٹو تحریک اور یوکرین جنگ کے حوالے سے بھی پیغامات والے لباس پہن کر شرکت کرتے رہے ہیں۔

آٹھ مئی کو بلاک آؤٹ 2024 نامی ایک ٹک ٹاک صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں دوسروں کو ’مشہور شخصیات کو بلاک کرنے کی ترغیب دی گئی تاکہ وہ اشتہارات کی آمدنی حاصل نہ کریں‘۔ اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کے بعد 24 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔

Ocasio-Cortez wearing a white dress with the words
Getty Images
سنہ 2021 میں امریکی کانگرس رکن الیگزینڈریا کورتیز نے ’امرا پر ٹیکس لگائیں‘ والے پیغام کے لباس کے ساتھ شرکت کی تھی

اس کے اگلے ہی دن ایک اور ’لیڈی فرام دی آوٹ سائڈ‘ نامی ٹک ٹاک صارف نے ماڈل ہیلی کی ایک ویڈیو کا حوالہ دیا جس میں انھوں نے فرانسیسی انقلاب سے قبل آخری فرانسیی ملکہ ’میری انٹیونیٹ‘ کی طرح اداکاری کرتے ہوئے کہا کہ ’انھیں کیک کھانے دو۔‘

ملکہ میری اینٹونیٹ کا سر قلم کر دیا گیا تھا کیونکہ ان کی ایک ایسے شاہی خاندان کے ساتھ وابستگی تھی جسے عام لوگوں کے مسائل اور پریشانیوں سے غافل سمجھا جاتا تھا۔

ماڈل ہیلی کا یہ تبصرہ اگرچہ اپنے لباس پر تھا تاہم انھیں اس تبصرے کے حوالے سے اسی طرح سے غیر حساس ہونےکی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

ماڈل ہیلی کی اصل ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے ٹک ٹاک صارف ’لیڈی فرام دی آوٹ سائیڈ‘ کا کہنا تھا ’اب وقت آ گیا ہے کہ لوگ وہ کریں جسے میں ڈیجیٹل سر قلم کرنے کا نام دینا چاہتی ہوں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ وقت ہے کہ ہم ان تمام سیلبریٹز، انفلوئنسرز اور امیر سماجی شخصیات کو آن لائن بلاک کریں جو اپنے وسائل ضرورت مندوں کی مدد کرنے میں استعمال نہیں کرتے۔‘ ان کی اس پوسٹ کو چار دن میں پانچ لاکھ 58 ہزار افراد نے لائیک کیا۔

اس پوسٹ پر بہت سے صارفین کے تبصروں میں ان شخصیات پر تنقید کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ یہ لوگ اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ اگر انھوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا تو ان کے معاہدے ختم ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

یہ مہم سوشل میڈیا پر کیسے پھیلی؟

اس ویڈیو کے بعد بہت سے دیگر سوشل میڈیا صارفین نے اسی طرح کی ویڈیو بنانا اور اس بارے میں لکھنا شروع کر دیا۔ اگر فیس بک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ویک اینڈ پر ’بلاک آوٹ‘ والی پوسٹ پر دس گنا زیادہ ٹریفک رہی۔ اسی طرح گوگل سرچ میں بھی ’بلاک آوٹ‘ کو سات گنا زیادہ سرچ کیا گیا اور اس ٹرینڈ پر جلد ہی لوگوں نے مختلف شوبز اور دیگر مشہور شخصیات کے ناموں والی فہرستیں آن لائن شیئر کرنا شروع کر دیں۔

ان فہرستوں میں مخلتف شخصیات شامل تھیں جن میں کم کارڈیشن، ٹیلر سوئفٹ، بیونسے، جسٹن بیبر، زندیا، کین ویسٹ، نلی سائرس اور سیلنا گومز کے نام تقریباً تمام فہرستوں میں شامل تھے۔

کچھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز صارفین کو نہ صرف ان اکاؤنٹس کو دکھاتے ہیں جنھیں وہ فالو کرتے ہیں بلکہ بعض اوقات ایسے اکاؤنٹس کو بھی دکھاتے ہیں جنھیں وہ فالو نہیں کرتے ہیں جنھیں ’فار یو‘، ’سجسٹڈڈ‘ یا ’ایکسپلور‘ کہا جاتا ہے۔

اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ یہ اکاؤنٹس ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی دکھائی نہ دیں۔

Kim Kardashian in this year's Met Gala
Getty Images
کم کارڈیشن میٹ گالا کی تقریب میں شریک تھیں

اس مہم کا کیا اثر ہوا؟

یہ جاننا ممکن نہیں کہ کتنے سوشل میڈیا صارفین نے کسی اکاونٹ کو بلاک کیا لہذا اب کا عددی اثر کتنا پڑا ہے یہ جاننا ناممکن ہے لیکن بہت سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز صارفین پر زور دیتے ہیں کہ اگر انھوں نے کسی اکاؤنٹ کو بلاک کیا ہے تو وہ اسے ان فالو بھی کر دیں۔

اگر اس اعتبار سے جائزہ لیا جائے تو سوشل میڈیا کی نگرانی کرنے والی ایک ویب سائٹ سوشل بلیڈ کے مطابق اس مہم کے دوران سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بننے والی ماڈل ہیلی کے سوشل میڈیا سے بظاہر ایسا لگتا ہے کہ انھوں نے ٹک ٹاک پر ایک لاکھ فالورز کو کھو دیا کیونکہ ان کے فالورز کی تعداد ایک کروڑ سے کم ہو کر 99 لاکھ ہو گئی۔

تاہم باقی شخصیات جو اس بلاک آوٹ فہرست میں شامل تھیں ان کے سوشل میڈیا پر کوئی بہت بڑی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ بڑی تعداد میں لوگ ان اکاؤنٹس کو بلاک نہیں کر رہے ہیں۔

اگر بلاک کرنے والا صارف پہلے سے ہی اکاؤنٹ کو فالو نہیں کر رہا تھا، تو ان اقدامات کے نتیجے میں فالورز کی تعداد میں تبدیلی نہیں آئے گی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.