نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی گیزوبا گروپ کے چیئرمین سے بیجنگ میں ملاقات

image

بیجنگ۔13مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پیر کو چین کے دورے کے موقع پر بیجنگ میں گیزوبا گروپ کے چیئرمین سے ملاقات کی۔ گیزوبا گروپ انرجی چائنا کا ذیلی ادارہ ہے جو پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے متعدد منصوبے شروع کرنے والی چین کی معروف کمپنی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے شانگلہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر چیئرمین سے تعزیت کا اظہار کیا جس میں 5 چینی شہری اور ایک پاکستانی شہری لقمہ اجل بنا تھا۔

انہوں نے اس گھنائونے حملے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے اور پاکستان میں چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں گیزوبا گروپ کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو قابل تجدید اور ہائیڈل سیکٹر میں اپنی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے جس کے لیے گیزوبا گروپ قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے فیز II کے تحت پاکستان نے چینی سرمایہ کاروں کو فراخدلی سے مراعات کی پیشکش کی ہے جسے گیزوبا گروپ پاکستان میں اپنے کاروباری مقاصد کو بڑھانے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ گیزوبا گروپ کے چیئرمین نے پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کمپنی پاکستان میں اپنے تمام منصوبوں کو بروقت مکمل کرے گی اور تعاون کے نئے شعبوں میں آپریشنز کو مزید وسعت دے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.