ساڑھے تین ہزار نان فائلرز کی موبائل سمز بند کر دی گئیں: ایف بی آر

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے درمیان نان فائلرز کی سمز بند کرنے کے معاملے پر اتفاق رائے کے نتیجے میں ساڑھے تین ہزار صارفین کی موبائل سمز بند کر دی گئی ہیں۔

ٹیلی کام کمپنیوں نے مزید 5 ہزار نان فائلرز کو ان کی سم بند کرنے کے حوالے سے میسج کے ذریعے خبردار کر دیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ایک اعلیٰ افسر نے اُردو نیوز کو بتایا کہ سنیچر کے روز نان فائلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹیلی کام کمپنیوں نے ساڑھے تین ہزار ایسی سمز بند کی ہیں جو سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے زیرِ استعمال تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر نے ٹیلی کام کمپنیوں کو مزید 5 ہزار نان فائلرز کا ڈیٹا بھجوایا ہے جس پر ٹیلی کام کمپنیوں نے ان نان فائلرز کو سمیں بند کرنے کے حوالے سے میسج کر کے خبردار کر دیا ہے۔

ٹیلی کام کمپنیوں نے بلاک کی جانے والی ساڑھے تین ہزار سمز کی تفصیلات سے ایف بی آر کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے اعلٰی عہدیدار نے بتایا کہ نان فائلرز کی سمیں بند کرنے کے لیے آج اتوار کو تیسری فہرست ٹیلی کام کمپنیوں کو بھجوای دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلی کام کمپنیوں کو روزانہ پانچ پانچ ہزار نان فائلرز کا ڈیٹا بھجوایا جائے گا جبکہ آٹومیٹڈ سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے مینوئل طریقے سے سمز بلاک کی جا رہی ہیں۔

اس سے قبل ایف بی آر نے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کروانے والے افراد کی سمز بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 میں 24 کروڑ کی آبادی والے ملک میں صرف 52 لاکھ افراد نے ٹیکس ادا کیا ہے۔ ایف بی آر 15 لاکھ نئے افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

پہلے مرحلے میں ساڑھے تین ہزار نان فائلز کی سمز بند کی گئی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ انکم ٹیکس جنرل آرڈر میں 6 لاکھ 6 ہزار671 ٹیکس ریٹرنز فائنل نہ کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ٹیلی کام کمپنیوں کو ایسے نان فائلرز کی سمیں بند کرنے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے کہ ابتدائی طور پر پی ٹی اے نے نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

رواں ماہ کے آغاز میں پی ٹی اے نے ایف بی آر کو خط کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے کا عمل ان کے نظام سے مطابقت نہیں رکھتا اور قانونی طور پر پی ٹی اے سمز بلاک کرنے کا پابند نہیں ہے۔

پی ٹی اے نے اپنے خط میں کہا تھا کہ بڑی تعداد میں سمز بلاک کرنے سے ٹیلی کام معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا جبکہ بینکنگ ٹرانزیکشنز، ای کامرس، ای ہیلتھ، موبائل اکاؤنٹس استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔

دو روز قبل جمعے کو ایف بی آر نے جاری بیان میں کہا کہ ٹیلی کام آپریٹرز نے ان افراد کی سمز بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جنہوں نے ٹیکس سال 2023 کے اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہیں کیے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.