کوپ 29 کانفرنس میں تمام ممالک کے لئے اہم ماحولیاتی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک جامع فورم کا اعلان کیا جائے گا، مختار بابائیوف

image

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):آذربائیجان کے وزیر ماحولیات اور قدرتی وسائل اور سی اوپی29 کے صدر مختار بابائیوف نے کہاہے کہ باکو میں منعقد ہونے والی کوپ 29 کانفرنس میں تمام ممالک کے لئے اہم ماحولیاتی امور پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک جامع فورم کا اعلان کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام ” کوپ 29 روڈ ٹو باکو: ماحولیاتی اتفاق پیدا کرنا“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مختار بابائیف نے بتایا کہ انہوں نے سول سوسائٹی کے ارکان، نوجوانوں، نجی شعبے اور پاکستان کی سیاسی قیادت کے ساتھ بات چیت کی ہے تاکہ کوپ29 پر مشترکہ اور اتفاق رائے پر مبنی فیصلہ حاصل کرنے کے لئے تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کانفرنس میں کمزور ممالک کی آواز سننا آذربائیجان کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر اقدامات کو مستحکم کرنے سے ہی آب و ہوا کے انتہائی واقعات کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات اور حکمت عملی تیار کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی حکومت ترقی پذیر ممالک کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے تاکہ ان کا قومی موافقت کا منصوبہ تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان باکو میں کوپ 29 کے شرکا کو بھی طلب کر رہا ہے تاکہ اس عمل کو موثر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ پاکستان باہمی اقتصادی مفادات کے لئے تعاون پر یقین رکھتا ہے اور دوست ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کوپ29 کی میزبانی کے لئے آذربائیجان کی مکمل حمایت کی ہے اور میزبان ملک کی کامیابی کے لئے نیک تمنا ئوں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی یافتہ ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ ترقی پذیر ممالک کے لئے ٹیکنالوجی اور وسائل کی منتقلی کے اپنے وعدے کو پورا کریں تاکہ توانائی کی منصفانہ منتقلی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ایس ڈی پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ سی او پی فورم ایک اہم عالمی پلیٹ فارم ہے جس نے پوری دنیا کو ماحولیاتی انحطاط سے نمٹنے کے طریقوں پر متحد ہونے اور تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

سی او پی ان عملوں میں سے ایک ہے جو بعض اوقات کم فائدہ مند تھا لیکن اس کی عدم موجودگی انتہائی منفی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں اور دانشوروں میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق شعبوں میں کام کرنے کے لئے زبردست جوش پیدا ہوا ہے۔

جمہوریہ آذربائیجان کے سفیرخضر فرہادوف نے شرکاءکو سی او پی 29 کی میزبانی کے بارے میں ملک کے وژن سے آگاہ کیا اور ایک جامع عالمی موسمیاتی کانفرنس کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لئے اب تک کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی۔

سیشن کی نظامت ایس ڈی پی آئی کی ایسوسی ایٹ ریسرچ فیلو زینب نعیم نے کی جبکہ انرجی اینڈ اکانومی ایکسپرٹ، ریسرچ فیلو ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر خالد ولید نے توانائی کی منتقلی کے حوالے سے مختصر پریزنٹیشن پیش کی۔ ڈپٹی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر شفقت منیر نے آذربائیجان کے وزیر اور نامزد سی او پی 29 کے صدر، آذربائیجان کے سفیر، ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا سیمینار منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.