قانون و آئین کی بالادستی اور جنوبی پنجاب خطے کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا،یوسف رضا گیلانی

image

ملتان۔ 11 مئی (اے پی پی):چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں قانون و آئین کی بالادستی، ریاستی اداروں کے تقدس کی بحالی اور جنوبی پنجاب خطے کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سرکٹ ہاؤس میں ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے وکلاء کے وفد ، مختلف وفود اور سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملتان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سجاد حیدر میتلا اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے صدر عمران خاکوانی کی قیادت میں وکلاء وفد نے چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ۔وکلاء وفد نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ملتان کا دورہ کرنے اور بارز کے وکلاء سے خطاب کی دعوت دی۔چیئرمین سینٹ نے وکلاء کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے جلد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ملتان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملاقات کیلئے وقت دینے پر چیئرمین سینٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں وکلاء کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔جس پر چیئرمین سینٹ نے وکلاء کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں انصاف کی فراہمی، آئین کی بالادستی اورقانون کی حکمرانی کے لئے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے،وکلاء کو سہولیات فراہم کرنے سمیت ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم پاکستان وکلاء برادی کی فلاح و بہبود اور بارز کی تعمیر ترقی اور قانون کی بالا دستی کیلئے بھرپور کام کیا،بطور چیئرمین سینٹ وکلاء برادری کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کروں گا۔وکلاء وفد کی جانب سے اٹھائے گئے سپریم کورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے معاملہ پر چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ،وزیر قانون سمیت تمام متعلقہ حکام سے بات کرکے مثبت حل نکالیں گے۔

چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے،قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو ووٹ کا حق دیا اور ملک کو آئین دیا،ہماری پارٹی نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،شہید بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی،پیپلز پارٹی نے معاشرے کے غریب طبقے کی مدد کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری ادارے اور جمہوریت پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی کی مرہون منت ہے۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ہمارے خاندان نے ہمیشہ سیاسی وابستگیوں کو بالائے طاق رکھ کرملتان شہرسمیت جنوبی پنجاب کی ترقی اور یہاں کے عوام کی خوشحالی کیلئے عملی کوششیں کیں،ہم نے جنوبی پنجاب خطے میں بڑے ترقیاتی منصوبے کروائے، جنوبی پنجاب کی جو خدمت گیلانی خاندان نے کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،ہمیں جب بھی موقع ملا خطے کے عوام کی ترقی کےلئے سب سے آگے بڑھ کر کام کیا، ہم خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور عوام الناس کی خدمت کےلئے کام کرتے رہیں گے،یقین دلاتا ہوں کہ خطے کی مزید ترقی کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی تاکہ یہاں کی عوام کے احساس محرومی کوختم کیا جا سکے۔

چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کرنے والوں میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی ملک نسیم لابر،ایڈووکیٹ مولوی منصور عالم،ملک شہزاد انجم ،عمر نواز بابر،سابق جج لاہور ہائیکورٹ حبیب اللہ شاکر،صدر ملتان ہائیکوٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سجاد میتلا،سیکرٹری انیس مہدی،صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان عمران خاکوانی،سیکرٹری عارف شاہ،ایڈووکیٹ تنزیلہ،ایڈووکیٹ آسیہ خان سمیت ہائیکورٹ بار و ڈسٹرکٹ بار ملتان کے دیگر عہدیدران و ممبران سمیت سابق ایم پی اے ملک اسحاق بچہ اور دیگر شامل تھے ۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.