دنیا بھر کی نظریں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر جمی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی چینی سفیر سے گفتگو

image

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا بھر کی نظریں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر جمی ہیں، چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، سی پیک کی بدولت چینی مصنوعات کی پاکستان اور پاکستانی مصنوعات کی چین کی مارکیٹوں تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈانگ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاک چین تعلقات، سی پیک، پاکستانی معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر جمی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ نئے منصوبوں پر تبادلہ خیال اور سی پیک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں کئی بڑے منصوبوں کی تکمیل میں چینی تعاون قابل رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم منصوبہ ہے، سی پیک کی بدولت چینی مصنوعات کی پاکستان اور پاکستانی مصنوعات کی چین کی مارکیٹوں تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، اعتماد اور باہمی احترام کی بنیادوں پر تعلقات استوار ہیں، یہ تعلقات جامع سٹریٹجک شراکت داری کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے چینی سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات اور سعودی عرب و ایران کے اعلیٰ سطحی وفود کے دوروں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقتدار میں آتے ہی معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، عالمی جریدے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کی پیشنگوئی کر رہے ہیں۔ چینی سفیر نے حکومت کے معاشی اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔

وفاقی وزیر نے چینی سفیر کو پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کے دوران چین کی نیوز ایجنسی ”شنہوا“ اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے درمیان خبروں کے تبادلے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے۔ دونوں فریقین نے ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.