عالمی اقتصادی فورم اجلاس، وزیراعظم شہباز شریف آج ریاض جائیں گے

image

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض روانہ ہوں گے جہاں وہ عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

سنیچر کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹیو چیئرمین کلاؤس شویب کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے ہونے والا اجلاس 28 اپریل سے 29 اپریل تک منعقد ہو گا۔

وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلٰی سطح کا وفد بھی سعودی عرب جائے گا جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم اور وفاقی وزرا عالمی اقتصادی فورم کے ان مباحث میں شریک ہوں گے جن میں سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چینز کی تجدید، پائیدار ترقی اور توانائی سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

بیان کے مطابق عالمی فورم میں اعلٰی سطح کے وفد کی شرکت سے پاکستان کو اہم موقع ملے گا کہ وہ اپنی ترجیحات، جامع ترقی، عالمی تعاون کو بڑھانے، توانائی کی پیداوار و تصرف کے درمیان توازن پیدا کرنے اور خاص طور پر عالمی طور پر صحت کے حوالے سے اپنے نکات کو پیش کرے۔

مرکزی تقریب کے موقع پر وزیراعظم اور ان کے ساتھ جانے والا وفد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کرے گا، جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور اجلاس میں شرکت کرنے والی دیگر اہم شخصیات شامل ہوں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف چار مئی کو گیمبیا میں او آئی سی کے زیر اہتمام ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس کے 15ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق ’اسلامی سربراہی کانفرنس کے اجلاس میں وزیراعظم غزہ میں نسل کشی، مسئلہ کشمیر، اسلاموفوبیا، دہشت گردی اور دیگر عالمی چلینجز پر بات کریں گے۔‘

ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اسلامی ممالک کے سربراہوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ دو اور تین مئی کو او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہو گا جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار شرکت کریں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.