نواز شریف کا ’نجی‘ دورۂ چین پنجاب حکومت کو فائدہ دے پائے گا؟

image

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پانچ روزہ نجی دورے پر اس وقت چین میں موجود ہیں۔

نواز شریف پیر کی شام پاکستان سے چین روانہ ہوئے۔ ان کے قریبی افراد کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک چینی ایئرپورٹ پر کھڑے ہیں اور ان کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر بھی موجود ہیں۔

نواز شریف کے اس دورے سے متعلق مسلم لیگ ن مکمل طور پر خاموش ہے۔ پارٹی کی طرف سے اس نجی دورے کی کسی بھی قسم کی معلومات جاری کی گئی ہیں اور نہ ہی پارٹی ترجمان اس پر بات کرنا چاہتے ہیں۔

گذشتہ برس اکتوبر میں لندن سے واپسی کے بعد یہ پہلی موقع ہے کہ قائد مسلم لیگ ن ملک سے باہر گئے ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے پنجاب حکومت کے دو اجلاسوں میں شرکت بھی کی اور افسران سے میگا پراجیکٹس خاص طور پر لاہور میں انڈر گراؤنڈ ٹرین چلانے کے منصوبے کی فزیبیلٹی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

مسلم لیگ ن کے اندرونی حلقے اس دورے کو پنجاب حکومت کے مستقبل کے میگا پراجیکٹس اور پنجاب کے لیے چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی مد میں دیکھ رہے ہیں، تاہم پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اس کو ذاتی نوعیت کا دورہ قرار دے رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے گذشتہ دور حکومت میں جب سی پیک کا باقاعدہ آغاز ہوا تو اس میں چینی صدر نے لاہور کے لیے اورنج لائن ٹرین کو بھی سی پیک کا حصہ بنایا تھا۔ اس پروجیکٹ کی ساری انویسٹمنٹ چینی بینکوں نے کی تھی۔ آسان اقساط پر پنجاب حکومت نے وہ پیسہ واپس کرنا تھا۔

کیا نواز شریف اپنا ذاتی اثر رسوخ استعمال کر کے پنجاب حکومت کے لیے نئی سرمایہ کاری کی تلاش میں گئے ہیں؟

اس سوال کا جواب ابھی تک سرکاری طور پر تو نہیں دیا گیا البتہ سابق سیکریٹری خارجہ شمشاد احمد سمجھتے ہیں کہ ’یہ نواز شریف کا سٹائل تو ہے کہ وہ اپنا ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہیں چاہے وہ حکومت میں ہوں یا نہ ہوں۔ اس کی ماضی میں بہت سی مثالیں ہیں۔‘

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں دیکھتا کہ اس دورے کا بظاہر انہیں کوئی فائدہ ہو گا۔ کیونکہ پاکستان کی معاشی صورت حال آزاد نہیں ہے اور کافی سارے دوست ممالک اب یہ جان چکے ہیں۔ بس اس سے زیادہ میں کچھ نہیں کہوں گا۔‘

اکتوبر میں لندن سے واپسی کے بعد یہ پہلی موقع ہے کہ قائد مسلم لیگ ن ملک سے باہر گئے ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)اقتصادی امور کے ماہر ڈاکٹر قیس احمد کہتے ہیں کہ ’میرا نہیں خیال ایسے نجی دورے اقتصادی امور کی عینک سے دیکھے جا سکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی انڈرسٹینڈنگ بہتر کرنے کے لیے گئے ہوں۔ اور مستقبل میں پنجاب حکومت خود حکومتی سطح پر اپنے معاملات دیکھے۔ لیکن بظاہر اس میں کوئی خاص بات نظر نہیں آ رہی،‘

پنجاب کی پارٹی کی ترجمان اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمہ بخاری نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق تو کر رہے ہیں کہ میاں صاحب اور جنید صفدر چند ذاتی دوستوں کے ساتھ چین گئے ہیں۔ جہاں وہ ایک کانفرنس بھی اٹینڈ کر رہے ہیں۔ اس سے زیادہ معلومات میرے پاس نہیں ہیں۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.