نیوزی لینڈ کی پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست

image

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

اتوار کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیے گئے 179 رنز کے ہدف کو 18.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپ مین شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 87 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ڈین فوکس کروفٹ نے 31 اور ٹم روبنسن نے 28 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کی اس جیت کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

پاکستان کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے مثبت آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 42 رنز بنائے۔

پاکستان کو پہلی وکٹ پانچویں اوور کی پانچویں گیند پر ملی جب ٹم سائفرٹ 21 کے انفرادی سکور پر عباس آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان اگلے ہی اوور میں ہوگیا جب ٹم روبنسن 28 کے سکور پر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے۔

دوسری وکٹ کے بعد مارک چیپ مین اور ڈین فوکس کروفٹ کے درمیان 68 گیندوں پر 117 رنز کی میچ وننگ شراکت قائم ہوئی۔ 

مارک چیپ مین نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 42 گیندوں پر 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)

اس شراکت کے دوران پاکستانی بولروں کی ایک نہ چلی اور دونوں کیوی بیٹرز نے میچ کو بآسانی اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈال دیا۔

مارک چیپ مین نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 42 گیندوں پر 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کو تیسری فتح ڈین فوکس کروفٹ کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 31 کے انفرادی سکور پر عباس آفریدی کا شکار بن گئے۔

اس سے قبل  پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 41، بابر اعظم نے 37 اور صائم ایوب نے 32 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے اِش سوڈھی نے دو جبکہ جیکب ڈفی اور مائیکل بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا گیا جس میں صائم ایوب اور بابر اعظم نے 55 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی۔

صائم ایوب نے کیوی بولرز کا عمدہ انداز میں مقابلہ کیا اور 22 گیندوں پر 35 رنز بنائے۔

کیویز کو پہلی کامیابی صائم ایوب کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ 55 کے مجموعی سکور پر اِش سوڈھی کا شکار بن گئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر اعظم کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو 37 رنز بنا کر مائیکل بریسویل کی گیند پر جیکب ڈفی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

نیوزی لینڈ کی تیسرے ٹی20 میچ میں جیت کے بعد پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی (فوٹو: اے ایف پی)

بابر اعظم بطور کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس اننگز سے آسٹریلیا کے سابق بیٹر ارون فِنچ کا بطور کپتان سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

ارون فِنچ نے آسٹریلیا کی جانب سے 76 اننگز میں 2236 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 67 اننگز میں یہ ریکارڈ توڑ دیا۔

دوسری جانب بابر اعظم نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 400 چوکے بھی مکمل کر لیے ہیں۔

تیسری وکٹ کے لیے محمد رضوان اور عثمان خان کے درمیان 16 گیندوں پر 19 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم محمد رضوان 13 ویں اوور میں ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جن کی جگہ عرفان خان نیازی بیٹنگ کرنے آئے۔

پاکستان کو تیسرا نقصان 104 کے سکور پر ہوا جب عثمان خان کریز پر مختصر قیام کے بعد 5 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کو چوتھی وکٹ شاداب خان کی ملی جو 20 گیندوں پر 41 رنز بنا کر جیکب ڈفی کی گیند پر پویلین آؤٹ ہوگئے۔

پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ دونوں ٹیموں کا آپس میں مجموعی طور پر 42 واں میچ تھا۔

اس میچ سے قبل دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ٹی20 فارمیٹ میں 41 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی تھیں جس میں 22 مرتبہ جیت پاکستان جبکہ 17 مرتبہ کامیابی نیوزی لینڈ کا مقدر بنی۔

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جس کے بعد محمد عامر کی جگہ عباس آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔

دوسری جانب سے کیوی ٹیم کے دو کھلاڑی جوش کلارکسن اور بین لسٹر بیمار ہونے کے باعث ٹیم کے ساتھ گراؤنڈ نہیں آئے۔

جوش کلارکسن اور بین لسٹر کی جگہ زیک فوکس اور ولیم او رُورکے کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا جنہوں نے آج اپنا ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بآسانی سات وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔

سیریز کا چوتھا میچ 25 اپریل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور ابرار احمد شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ٹم سائفرٹ (وکٹ کیپر)، ٹم روبنسن، ڈین فوکس کروفٹ، مارک چیپ مین، جیمز نیشم، مائیکل بریسویل (کپتان)، کول مککونچی، زیکری فوکس، اِش سوڈھی، جیکب ڈفی، اور ولیم ار رُورکے شامل تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.