پاکستان میں بارشوں کاحالیہ سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

image

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے پاکستان میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے جبکہ 25 تا 29 اپریل نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے حالیہ سلسلے کے باعث بلوچستان میں خصوصاً کیچ، قلات، خضدار، اواران کے علاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا میں 21اپریل تک دیر مالاکنڈ، صوابی، کوہستان، مردان، شانگلہ،چارسدہ، سوات، نوشہرہ کے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے۔ علاوہ ازیں 25 تا 29 اپریل کے دوران بلوچستان،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات مزید بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

اس صورتحال میں این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کاشتکاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں۔

اسی طرح سیاح و مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ اگر سفر ضروری ہو تو موسم اور راستوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں۔ عوام الناس کو خبردار کیا گیا ہے کہ برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں جبکہ بجلی کے کھمبوں،کچی عمارتوں، ٹوٹی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں۔

اسی طرح نشیبی علاقوں کے مکین سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔آسمانی بجلی چمکتے وقت سائیکل، موٹر سائیکل یا بغیر چھت کے گاڑیوں میں سفر کرنے سے اجتناب کریں اور اونچی عمارتوں، درختوں، کھمبوں، پہاڑیوں، اینٹیناز اور موبائل ٹاورز وغیرہ سے دور رہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.