حکومت زیادہ اخراجات والے اداروں کو مالی طور پر خود کفیل بنانے پر غور کر رہی ہے ، وفاقی سیکرٹری اطلاعات کی کراچی میں اے پی پی ، پی بی سی ، اے بی سی کے دورہ کے موقع پر گفتگو

image

کراچی۔ 22 مارچ (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہا کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ایک اہم ادارہ ہے، یہ مختلف زبانوں میں خبریں ملک کے کونے کونے تک پہنچاتا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کوپی بی سی کے دفتر کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے مسائل بشمول واجبات، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے مسائل اور ان کے حل کے لیے متعلقہ فورم پر بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ان اداروں کو مالی طور پر خود کفیل بنانے پر غور کر رہی ہے جن کے اخراجات زیادہ ہیں۔ریڈیو پاکستان پر بجلی کے یوٹیلیٹی بلوں کا بوجھ بھی زیر بحث ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے پاور ڈویژن کو آن بورڈ لینے کی کوششیں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پنشنرز اپنی پنشن کی تاخیر سے ادائیگی کے باعث متاثر ہوتے تھے لیکن اب پنشنرز کو ان کی پنشن بروقت ادا کی جا رہی ہے۔

سیکرٹری اطلاعات نے ریڈیو پاکستان اور اس کے ملازمین کی بہتری کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جس میں سرکاری سکیل کو اپنانا اور دیگر شامل ہیں۔شاہیرہ شاہد نے کہا کہ ریڈیو کے ٹرانسمیٹرز کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ بلا رکاوٹ ٹرانسمیشن کو یقینی بنایا جا سکے اور ادارے کی نشریات کو سنٹرلائز کرنے کے لیے روات، اسلام آباد میں ایک سیٹ اپ قائم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تنظیمی سطح پر بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی جائیدادوں کو ادارے کی بہتری اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔واضح رہیں کہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے جمعہ کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کارپوریشن (اے پی پی سی) کے بیورو آفس کراچی کا بھی دورہ کیا،

بیورو آفس کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور بیورو چیف اے پی پی نے وفاقی سیکریٹری اطلاعات کو بیورو کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دی۔قبل ازیں وفاقی سیکریٹری اطلاعات پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی عمارت پہنچیں اور نیو براڈ کاسٹنگ ہاؤس میں منعقدہ استقبالیہ میں شرکت کی۔اس موقع پر سٹیشن ڈائریکٹر پی بی سی، پی آئی ڈی کے سینئر افسران، بیورو چیف اے پی پی اور آڈٹ بیورو آف سرکولیشن کے افسران بھی سیکرٹری اطلاعات کے ہمراہ تھے۔

بعدازاں انہوں نے اے پی پی بیورو آفس کے مختلف سیکشنز، اے بی سی، ریڈیو پاکستان اور فشریز ڈیپارٹمنٹ کے دفاتر کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ دفاتر کے آفسران نے سیکریٹری اطلاعات کو بریفنگ دی۔قبل ازیں سیکرٹری اطلاعات کا پی بی سی بلڈنگ آمد پر سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان اور اے پی پی اور آڈٹ بیورو آف سرکولیشن کے دیگر سینئر افسران نے پرتپاک استقبال کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.