غیرضروری آپریشن، کے پی میں صحت کارڈ سے نجی ہسپتالوں کو کم کرنے کا فیصلہ

image

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیرِ صحت قاسم علی شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ہسپتالوں میں ادویات موجود نہیں اور مشینیں خراب پڑی ہیں۔

انہوں نے اس صورتحال کا ذمہ دار نگراں حکومت کو قرار دیا ہے۔

وزیر صحت قاسم علی شاہ نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کے دوران بتایا کہ ’صوبے میں صحت کارڈ بحال کر دیا گیا ہے۔ عوام اب مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔‘

’صحت کارڈ پینل سے نجی ہسپتالوں کو کم کیا جا رہا ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ جن کے خلاف شکایات ہیں یا وہ ایس او پیز پر پورا نہیں اترتے تو انہیں پینل سے ہٹایا جا رہا ہے۔‘

وزیر صحت نے تسلیم کیا کہ ’صحت کارڈ پر پرائیویٹ ہسپتالوں میں غیرضروری سی سیکشن ہوئے۔ ایسے کیسز تھے جہاں سرجری کی ضرورت نہیں تھی اور وہاں پیسوں کے لیے آپریشن ہوئے۔‘

’ہمیں ایسے کیسز کی روک تھام کرنی ہے۔ ایک تو اوور بلنگ ہو رہی تھی اور دوسری جانب مریض کی صحت پر اثر پڑ رہا تھا۔‘

شعبہ صحت میں چیلنجز کیا ہیں؟

صوبائی وزیر صحت قاسم علی شاہ نے بتایا کہ نگراں حکومت نے ڈیڑھ برس میں شعبہ صحت کو شدید نقصان پہنچایا۔ فنڈز ہیں اور نہ ہی ادویات موجود ہیں۔

 ’ہسپتالوں میں ڈیڑھ برس سے مشینیں خراب پڑی ہیں۔ کسی نے مرمت کرنے کی زحمت نہیں کی۔ اب اس سسٹم کو معمول پر لانا ہے تاکہ ہسپتالوں میں جو بنیادی مسائل ہیں وہ ٹھیک ہو سکیں۔‘

وزیرصحت قاسم علی شاہ پہلی مرتبہ الیکشن میں کامیاب ہو کر اسمبلی کے رکن بنے ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)صوبائی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان کے کزن ڈاکٹر نوشیروان برکی تجربہ کار اور پروفیشل انسان ہیں۔ اگر ضرورت پڑی تو ضرور ان کو مدد لی جائے گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سابق وزیرصحت سمیت تمام سینیئیر ساتھیوں سے بھی رہنمائی حاصل کریں گے کیونکہ وہ ٹیم ورک پر یقین رکھتے ہیں۔‘

کابینہ میں شامل نہ کرنے پر سینئیر رہنما ناراض ہیں؟ 

وزیر صحت قاسم علی شاہ نے موقف اپنایا کہ ’پارٹی کے اندر ایسی کوئی بات ہے اور نہ ناراضی ہے۔ سب کو علم ہے پارٹی کے فیصلے کے مطابق سب کچھ ہو رہا ہے۔ آج اگر وہ کابینہ سے باہر ہیں تو ممکن ہے ان سے کوئی اور کام لیا جائے۔‘

’سنہ 2018 میں مجھے ٹکٹ دے کر واپس لیا گیا لیکن اس کے بدلے مجھے کوئی اور ذمہ داری سونپی گئی۔‘

وزیرصحت قاسم علی شاہ پہلی مرتبہ الیکشن میں کامیاب ہو کر اسمبلی کے رکن بنے ہیں اور پہلی بار ہی ان کو صحت کا قلمدان دے کر کابینہ میں شامل کیا گیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.