رمضان کے دوران آپ اپنی صحت کا خیال کیسے رکھ سکتے ہیں؟

ماہرین کی رائے میں پورے مہینے کے لیے رمضان کا شیڈول بنانے کی کوشش کریں اور اچھی نیند اور آرام حاصل کرنے کے لیے سونے سے پہلے موبائل یا لیپ ٹاپ اور دوسری سکرینز کا استعمال کم سے کم کریں۔
iftaar
Getty Images

پاکستان میں ماہِ رمضان کا آغاز منگل سے ہو رہا ہے اور یقیناً آپ نے بھی گھروں پر سحر و افطار کے لیے کچن سجانے کا کام مکمل کر لیا ہو گا۔

ہر گھر پر سحری کے لیے مختلف اور افطاری کے لیے مخصوص کھانے بنائے جاتے ہیں اور کچھ تو ایسے پکوان بھی ہوتے ہیں، جن کے لیے ہم ہر سال اس ماہ کا انتظار کرتے ہیں۔

ہم نے ماہرین سے بات کر کے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ روزے رکھنے کے کیا فائدے ہیں اور اس دوران عمومی مسائل جیسے سر درد اور کمزوری سے بچنے کے کیا طریقے ہیں۔

اس کے علاوہ افطاری اور سحری کے لیے صحت بخش خوراک کے بارے میں بھی ان سے تفصیل سے بات کی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ سارا دن کھائے پیے بغیر بھی صحت مند رہیں۔

اس حوالے سے سحری کے وقت کھانا بھی بہت اہم ہے کیونکہ یہ آپ کے لیے توانائی کے ذخائر کا مجموعہ پیش کرتا ہے۔

اس طرح افطار میں بھی صحت بخش غذا کے بارے میں جاننا ضروری ہے اور کچھ چیزوں سے پرہیز کرنا بھی ضروری ہے۔

ramzan
Getty Images

روزے کے دوران صحت سے متعلق آگاہی

رمضان کے دوران روزہ رکھنا صحت مند لوگوں کے لیے خطرناک نہیں ہے تاہم یہ ان لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتا ہے جو کسی بیماری کا شکار ہیں۔

چونکہ اس کے باعث خون میں شوگر کی سطح متاثر ہو سکتی ہے اس لیے خاص طور پر ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خطرناک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرض میں مبتلاافراد کے لیے رمضان شروع ہونے سے پہلے اپنے ڈاکٹروں سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

کچھ لوگ دن میں تھکاوٹ اور چکر آنے کی شکایت بھی کرتے ہیں اور کچھ کو کمزوری بھی محسوس ہوتی ہے۔

رمضان میں اپنی صحت کا خیال رکھنے کے لیے سب سے اہم چیز کیا ہے؟

رمضان کے دوران اپنی خوراک کی غذائیت کا خاص طور پر خیال رکھنا اور پانی پیتے رہنا مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح نیند بھی اس دوران اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ رمضان میں خاص طور پر اہم ہے کیونکہ جب آپ طلوع آفتاب سے پہلے کھانے کے لیے بیدار ہوتے ہیں تو آپ کی نیند میں خلل پڑتا ہے۔

پورے مہینے کے لیے رمضان کا شیڈول بنانے کی کوشش کریں اور اچھی نیند اور آرام حاصل کرنے کے لیے سونے سے پہلے موبائل یا لیپ ٹاپ اور دوسری سکرینز کا استعمال کم سے کم کریں۔

وہ لوگ جو عام طور پر چائے یا کافی پیتے ہیں انھیں دن میں ان کی طلب کے باعث سر درد اور تھکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن یہ عام طور پر ایک ہفتہ یا اس سے زیادہ کے بعد کم ہو جاتا ہے کیونکہ آپ کا جسم رمضان کے مطابق ڈھل جاتا ہے۔

آخر میں یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں کی علامات پر توجہ دیں تاکہ آپ ان پر قابو پا سکیں۔ جیسا کہ آپ کے وزن میں بہت تیزی سے اضافہ یا کمی تو نہیں آ رہی اور یہ کہ آپ کو کہیں درد تو نہیں ہو رہا۔

dates
Getty Images

رمضان کی تیاری

یہ بھی ذہن میں رکھنا اچھا ہے کہ کئی گھنٹوں تک روزہ رکھنے اور افطار اور سحری کے دوران جسم کو وافر مقدار میں پانی ملنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے بہت زیادہ پانی پینا ضروری ہے۔

لوگوں کی ایک عام غلطی یہ ہے کہ فجر سے پہلے سو جانا ہے تاکہ نیند میں خلل نہ پڑے۔

سحری کے وقت ایک متوازن اور غذائیت سے بھرپور کھانا آپ کو دن کے وقت کم توانائی، مزاج میں تبدیلی اور سر درد سے بچنے میں مدد دے گا۔

food
Getty Images

وہ چیزیں جو افطار کے لیے بہترین ہیں

جب آپ افطار کرتے ہیں تو آپ کو پانی کی قلت کو کو پورا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ روزہ افطار کرنے کا بہترین طریقہ کھجور اور پانی یا دودھ سے ہے اور یہ ایک ہی وقت میں کچھ قدرتی چینی، غذائی اجزا اور پانی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

مسلم دنیا کے کئی حصوں میں افطار پر سوپ بہت مقبول ہے، یہ ایک بہترین انتخاب ہے کیونکہ آپ کو ایسے مائع کی ضرورت ہوتی ہے جو غذائیت سے بھرپور ہو اور اس میں مختلف قسم کی سبزیاں، پھلیاں شامل ہوں۔

رمضان کے دوران افطار کا کھانا انتہائی خوشگوار ہو سکتا ہے کیونکہ لوگ بعض اوقات خاندان اور دوستوں کے ساتھ بڑے اجتماعات میں افطار کرتے ہیں لیکن یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ بہت زیادہ چکنائی کھانے سے آپ کو تھکاوٹ اور سستی محسوس ہو سکتی ہے اور آپ کی صحت کو اس سے نقصان پہنچ سکتا ہے اور آپ کی عبادات میں بھی سستی پیدا ہو سکتی ہے۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.