کراچی کنگز کو ہوم گراونڈ پر شکست، ملتان سلطانز نے 20 رنز سے میدان مار لیا

image

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے 19ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 20 رنز سے شکست دے دی۔

اتوار کو ملتان سلطانز نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پہلے  بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔

190 رنز کے ہدف کے جواب میں کراچی کنگز مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بنا سکی۔

ملتان سلطانز کے عثمان خان کی سینچری اور محمد رضوان کی نصف سینچری نے مخالف ٹیم کو ایک بڑا ہدف دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن ہدف کے تعاقب میں آغاز سے ہی دباؤ کا شکار رہی۔

اس فتح کے بعد پی ایس ایل سیزن 9 کے پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ کراچی کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز کی شروعات ہی مایوس کن رہی۔

اوپنر ٹم سیفرٹ چار گیندوں پر صرف ایک ہی رنز بنا کر دوسرے اوور میں وکٹ گنوائی۔

جیمز ونس کی بیٹنگ بھی کار آمد ثابت نہ ہوسکی۔ جیمز ونس صرف سات رنز بنا کر عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ٹیم کے کپتان اور اوپنر شان مسعود نے 29 گیندوں پر 36 رنز بنائے  اور اسامہ میر کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ شعیب ملک 38 اور لیوس ڈی پلوئے 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن ہدف کے تعاقب کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی ( فوٹو: اے ایف پی)

اس کے بعد عرفان خان نیازی نے تیز کھیلنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ بھی لمبی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عثمان خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

 حسن علی 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نواز 27 اور میر حمزہ چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر دو جبکہ ڈیوڈ ولے، محمد علی، کرس جارڈن اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کو پہلا نقصان جلد ہی ہوا۔ ریزا ہینڈرکس بلیسنگ مزا ربانی کی گیند پر لمبی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ریزا ہینڈرکس آٹھ گیندوں پر 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

اس کے بعد عثمان خان کریز پر آئے اور کپتان محمد رضوان کے ساتھ ایسا کھیل جمایا کہ 17 اوورز تک کراچی کنگز کے بولرز کے لیے دونوں بلے بازوں کی وکٹ کا حصول چیلینج بن گیا۔

عثمان خان نے پانچ چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر شاندار 106 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

عثمان خان نے پانچ چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر شاندار 106 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے (اے ایف پی) 

محمد رضوان نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔  عثمان خان اور محمد رضوان نے دوسری وکٹ کے لیے 150 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم کی۔

محمد رضوان 17ویں اوور کی پہلی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے بلیسنگ مزا ربانی دو اور حسن علی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پی ایس ایل کے رواں سیزن میں دونوں ٹیموں کا آپس میں یہ دوسرا میچ تھا۔

اس سے قبل 18 فروری کو ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے شکست دی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.